رشی کپور کی فاروق عبداللہ کی حمایت

ممبئی//بالی ووڈ کے معروف اداکار رشی کپور نے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے اس بیان کی حمایت کی ہے ، جس میں فاروق عبداللہ نے پاکستانی کشمیر کو پاکستان کا حصہ بتایا تھا۔ ٹویٹر پر رشی کپور نے لکھا ’’ فاروق عبداللہ جی سلام ، آپ سے پوری طرح سے متفق ہوں ، جموں و کشمیر ہمارا ہے اور پی او کے ان کا ہے ، یہی ایک آخری راستہ ہے ، جس سے اس مسئلہ کو حل کیا جاسکتا ہے ، تسلیم کیجئے اسے‘‘۔رشی کپور نے اپنے ٹویٹ میں مزید لکھا ہے’’ میں 65 سال کا ہوں اور مرنے سے پہلے پاکستان دیکھنا چاہتا ہوں ، میں چاہتا ہوں کہ میرے بچے اپنی جڑوں کو دیکھ سکیں ، بس کروا دیجئے ، جے ماتا دی‘‘۔ فاروق عبداللہ نے کہا تھا کہ وہ پوری دنیا سے کہنا چاہتے ہیں کہ کشمیر کا جو حصہ پاکستان کے پاس ہے، وہ پاکستان کا ہے اور جو حصہ ہندوستان کے پاس ہے، وہ حصہ ہندوستان کا ہے۔