رسانہ عصمت ریزی و قتل واقعہ پر خطبہ چناب میں غم و غصہ کی لہر برقرار ، شہر و گام میں احتجاجی مظاہرے

 رام بن +ڈوڈہ +کشتواڑ//رسانہ عصمت ریزی و قتل معاملے پر خطہ چناب میں غم و غصہ کی لہر برقرار ہے اور اس دوران خطے کے تینوں اضلاع رام بن ، ڈوڈہ اور کشتواڑ میں اکثریتی طبقہ کی طرف سے جگہ جگہ احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاںبرآمد ہوئیں ۔ احتجاج کی وجہ سے سرکاری دفاتر کاکام کاج بھی متاثر ہوا جبکہ بیشتر سکولوں میں درس و تدریس بھی نہیں ہوئی ۔ شہر و گام میں ہوئے مظاہروں کے شرکاء نے رسانہ کے متاثرین کو انصاف دینے کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ معصوم بچی کی عصمت ریزی اور قتل کرنے والے درندہ صفت عناصر کو پھانسی کے پھندے پرلٹکایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت بغیر کسی دبائو میں آئے اس سلسلے میں کارروائی کرے اور تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایاجائے ۔ انہوںنے کہاکہ کچھ شرپسند عناصر سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود تحقیقاتی عمل پر اثرانداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں جن کے خلاف شکنجہ کساجاناچاہئے تاکہ بھائی چارے کی فضا برقرار رہے ۔