راہل گاندھی کا کنہیا کمار کے ساتھ میٹرو میں سفر، مسافروں کے ساتھ لی سیلفی

عظمیٰ نیوزڈیسک

نئی دہلی// ملک میں لوک سبھا انتخابات کے چھٹے مرحلے کی ووٹنگ 25 مئی کو ہوگی۔ اس انتخابات کے پیش نظر کی جارہی انتخابی مہم جمعرات شام پانچ بجے سے مکمل طور پر بند ہوگئی ہے۔ اس سے قبل 23 مئی کو انتخابی مہم کے آخری دن تمام جماعتوں نے اپنی پوری طاقت لگادی۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے دہلی کے شمال مشرقی اور شمال مغربی لوک سبھا حلقوں میں جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے دہلی میٹرو ٹرین کا سفر بھی کیا تاکہ لوگوں سے زیادہ رابطہ قائم کیا جا سکے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے عام لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے دہلی میٹرو سے سفر کیا۔ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ راہل گاندھی نے میٹرو کے سفر کی کئی تصاویر سوشل میڈیا ایکس پر شیئر کی۔ اس میں انہوں نے لکھا “دہلی کے عزیزوں کے ساتھ میٹرو کا سفر ساتھی مسافروں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت لی۔ مجھے یہ دیکھ کر خوشی محسوس ہوتی ہے کہ دہلی میں میٹرو بنانے کی ہماری پہل بہت اچھی ثابت ہوئی ہے۔راہل گاندھی دہلی میٹرو سے منگل پوری میں ہونے والی ریلی میں جا رہے تھے۔ شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار کنہیا کمار بھی ان کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔راہل نے میٹرو میں سفر کے دوران لوگوں سے بات کی اور ان کے ساتھ سیلفی بھی لی۔ کانگریس لیڈر نے میٹرو سے اس وقت سفر کیا جب وہ شمال مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار کنہیا کمار کی حمایت میں دلشاد گارڈن میں ریلی نکالنے کے بعد منگل پوری میں ریلی میں جا رہے تھے۔ اس دوران کنہیا کمار بھی میٹرو کے سفر میں ان کے ساتھ تھے۔