راہل دراوڑ کا عہدہ برقرار بی سی سی آئی کا اعلان

نئی دہلی// بی سی سی آئی نے ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ راہل دراوڑ کی مدت کار میں توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی نے راہل دراوڑ اینڈ کمپنی کے معاہدے میں توسیع کر دی ہے لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ وہ کتنے دنوں تک ٹیم کے ہیڈ کوچ رہیں گے۔ خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے ساتھ ہی راہل دراوڑ اور ان کے بیٹنگ کوچ، فیلڈنگ کوچ اور بولنگ کوچ کی میعاد کار ختم ہو گئی تھی۔ بی سی سی آئی نے راہل دراوڑ کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت کی اور حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے بعد ان کے معاہدے کی میعاد کار ختم ہونے کے بعد متفقہ طور پر ان کی مدت میں توسیع پر اتفاق کیا۔ بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور بولنگ کوچ پارس مہامبرے کی مدت کار میں بھی توسیع کی گئی ہے۔بورڈ نے راہل دراوڑ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا اور ہم ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہیں۔