رام نومی کے موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کی مبارکباد ٹنکی پورہ سے لالچوک تک کشمیری پنڈتوں کی شوبا یاترا

Photo:SEYLLOU

 عظمیٰ نیوز سروس

سرینگر// کشمیری پنڈتوں نے بدھ کو رام نومی تہوار مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا ۔اس موقعہ پر روایتی شوبا یاترا نکالی۔روایتی لباس میں ملبوس بچوں کے ایک گروپ کے ساتھ شوبا یاترا ٹنکی پورہ علاقے میں واقع کتھلیشور مندر سے نکالی گئی اور حبہ کدل، گنپت یار، بربر شاہ، ریگل چوک، لال چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور جہانگیر چوک کی سڑکوں سے ہوتی ہوئی سخت سیکورٹی کے انتظامات کے تحت ٹنکی پورہ میں اختتام کو پہنچی۔ ہرے رام کے نعرے لگاتے ہوئے کشمیری پنڈتوں کی ایک اچھی تعداد یاترا کے ساتھ تھی، جو پرامن طریقے سے گزری۔

اس موقعہ پر حفاظتی دستوں کو احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا تھا۔یاترا کے ساتھ آنے والے ایک کشمیری پنڈت نے بتایا کہ شوبا یاترا کے نکلنے کے ساتھ ہی نو روزہ رام نومی، بھگوان رام کا جنم دن، تہوار اختتام پذیر ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان تمام دنوں کے دوران ملک اور جموں و کشمیر کے امن اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔پچھلے سال بھی شوبا یاترا نکالی گئی تھی اور اس میں سینکڑوں کشمیری پنڈتوں نے شرکت کی۔ جموں میں بھی یہ تہوار جوش و خروش سے منایا گیا اور مندورں میں دن بھر عقیدت مندوں کا تانتا بندھا رہا۔جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے رام نوامی کے مقدس موقع پر لوگوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔انہوں نے کہا’بھگوان رام کی زندگی ہمیں راست بازی اور لوگوں کی بے لوث خدمت کرنے کی ترغیب دیتی ہے’۔ملک میں یہ تہوار بھگوان شو کے ساتویں اوتار بھگوان رام کے یومِ پیدائش کے طور پر منایا جاتا ہے۔