لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا نے رام نومی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی ہے۔ایک پیغام میں انہوں نے اس تہوار کو شری رام کے سچائی کے پیغام کومنانے سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ بھگوان رام کی زندگی ہمیں سچائی اور تقویٰ کے راستے پر چلناسکھاتی ہے۔یہ موقعہ ہے کہ ہم اپنے آپ کو پھر سے بے غرض خدمت ،رحمدلی کیلئے وقف کریں۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ یہ تہوار ہمارے لئے خوشیوں کاباعث بنے۔
نیشنل کانفرنس کی رام نومی پرہندو برادری کو مبارکباد
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے رام نومی کے موقع پر ہندو برادری خاصکر کشمیری پنڈتوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام مذاہب انسانی بھائی چارے کا درس دیتے ہیں اور آپسی محبت کو مستحکم بنانے کی راہیں دکھا تے ہیں۔پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ جموں وکشمیر فرقہ وارانہ بھائی چارے کی ایک زندہ علامت ہے اور ایسے مواقع اہلِ ریاست کے بھائی چارے کے رشتوں کو اور زیادہ تقویت دیتے ہیں۔ صوبائی صدر جموں ایڈوکیٹ رتن لعل گپتانے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مذہبی تہوار انسانیت، اخوت، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا درس دیتے ہیں۔پارٹی لیڈران بھوشن لعل بھٹ اور ڈاکٹر سمیر کول نے بھی مبارکباد پیش کی ہے۔