رام سو تحصیل ، اکھڑال کالج کے قیام میں تاخیر کی مذمت

رام بن //نیشنل کانفرنس نے رام سو تحصیل اور اکھڑال کے لئے کالج کو شروع کرنے میں مخلوط سرکار کی جانب سے پیدا کی ہوئی رکاﺅٹوں کی شدید نکتہ چینی کی ہے ، جس سے ان میں مزید تاخیر ہورہی ہے۔پارٹی کے ضلع صدر حاجی سجاد شاہین نے اکھڑال اور رام سو میں پارٹی کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگایا کیونکہ قانون سازیہ اور متعدد فوروں میں یقین دہانیوں کے باوجود یہ مسائل ابھی تک لٹکے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابقہ وزیر اعلی ٰ عمر عبداللہ کی سرکا رنے رام سو کے لئے2014 میں تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا گیا تھا ،تاہم موجودہ سرکار اس میں روڈے اٹکا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں کی ترقی میں بی جے پی مبینہ طور سے ایک بڑی روکاوٹ ہے،جو فقط اپنے سیاسی ۔اقتصادی جذبات کو پورا کرنے کےلئے کام کر رہی ہے۔انہوں نے تحصیل رام سو کے لئے سٹاف مہیا کرکے اسے پوری طرح سے فنکشنل بنانے کا مطالبہ کیا ۔انہوں نے رام سو اور اکھڑال کے عوام کا اپنا مطالبہ تسلیم کرانے کے پُر امُن احتجاج کرنے کی بھی ستائش کی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ مطالبات پورے نہیں کئے گئے تو علاقہ کے لوگوں کو سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ اس موقعہ پر کانگریس ، پی ڈی پی اور بی جے پی کے متعدد کارکنان نے نیشنل کانفرنس میں شامل ہونے اور پارٹی کو مستحکم کرنے کا اعلان کیا جن میں عبدالرشید، محمد اشرف بٹ، عبدالغنی، اصغر ایوب، یاصر احمد ڈینگ ،فاروق احمد ،جسبیر سنگھ کٹوچ، مشتاق احمد خان و دیگران شامل تھے۔ضلع نائب صدر مولوی عبدا لطیف، بلاک صدور ریاض احمد میر، ناصر احمد سوہیل، محمد خلیل سوہیل، بلاک نائب صدوربہار احمد نائیک، بلاک سیکرٹری شکیب الرحمان ،ضلع جوائنٹ سیکرٹری غلام قادر وانی، بلاک صدر یوتھ جگجیت سنگھ، محمد امتیاز مغل، مجیب الرحمان و دیگران نے بھی خطاب کیا ۔