محمد تسکین
بانہال// ایس ایس پی ٹریفک نیشنل ہائے وے رام بن روہت کمار بسکوترا نے جمعہ کے روز بانہال کا دورہ کیا اور قومی شاہراہ پر ٹریفک کی صورتحال کے حوالے سے مختلف امورات کا جائزہ لیا۔ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے سیکٹر ٹریفک جام کے حوالے سے ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترا نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ رام بن ۔ بانہال سیکٹر میں جہاں فورلین شاہراہ کی تعمیرکا سلسلہ چل رہا ہےوہیں مال بردار گاڑیوں کے بیچ سڑک خراب ہونے اور خانہ بدوش ڈیروں کی نقل و حرکت سے کئی مقامات پر ٹریفک کی روانی سست رفتار ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی ہر ممکن کوشش ہے کہ لوگوں کو شاہراہ پر کم سے کم دشواریوں کا سامنا کرنا پڑے اور ٹریفک کو نکالنے کیلئے ٹریفک اہلکار دن رات کام پر لگے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کہ شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حرکت کو بلا خلل چلائے رکھنے کیلئے شاہراہ کے رامسو ، ہنگنی ، ناچلانہ اور دیگر کئی مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر لئےگئے ہیں اور ٹریفک کنٹرول روم سے ان کیمروں کی نگرانی کی جاتی ہے اور ٹریفک جام اور سست رفتاری کی صورت میں نزدیکی ٹریفک اہلکاروں کو متحرک کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ سے رامسو تک سڑک کا بیشتر حصہ سابقہ شاہراہ پر ہی مشتمل ہے اور یہاں خانہ بدوش بکر والوں کی نقل و حرکت ، شاہراہ کے بیچ میں گاڑیوں کے خراب ہونے کی وجہ سے ٹریفک میں ٹھہراو آنے سے ٹریفک کی بھاری قطاریں لگ جاتی ہیں اور ان دشواریوں کو ساتھ ساتھ دور کیا جاتا ہے ۔ ایس ایس پی ٹریفک روہت بسکوترا نے گاڑی والوں سے لین ڈرائیونگ میں چلنے کی تلقین کی تاکہ انہیں قانونی کاروائی اور جرمانوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔