رام بن کے 3ہزار طلاب کا سرمائی کلاسوں میں اندراج

رام بن //سرمائی ٹیٹوریل پروگرام ،جسے عام طور سے ونٹر کلاسز کے نام سے جانا جاتا ہے ،ضلع کے چھ تعلیمی زونوں بٹوت، گول، کھڑی، بانہال، اکھڑال اور رام بن میں رواں ماہ کے پہلے ہفتہ سے کامیابی سے جاری ہے۔ چیف ایجوکیشن افسر نے ان باتوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آٹھویں اور بارہویں جماعت کے طلاب کیلئے ونٹر ٹیٹوریل پروگرام میڈیا اور مقامی کیمونکیشن کے ذریعہ سے کافی تشہیرکے بعد ضلع انتظامیہ کے تعاون سے جاری ہے۔انہوں نے بتایا ہے کہ مناسب سکریننگ کے بعد 3ہزار طلاب کیلئے ضلع میںکوچنگ فراہم کرنے کے لئے21 مراکز قائم کئے گئے ہیں جسکے لئے اندراج کا عمل شفاف ڈھنگ سے منعقد کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ونٹر ٹیٹوریل پروگرام کامیابی کے ساتھ جاری ہیں،جس کے لئے معقول گرمی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔تفصیلات بیان کرتے ہوئے اہوں نے کہا ہے کہ ان مراکز کیلئے ضلع کے بہترین125 اساتذہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے تعینات کیا گیا ہے،جس سے خواہشمند طلاب کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے گا۔ طلاب اور والدین نے محکمہ تعلیم کے کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کلاسوں کے انعقاد سے طلاب کو اپنے کیرئیر کا انتخاب کرنے میں مدد ملے گی۔سی ای او نے دانشوروں اور ریٹائرڈ سینئر اساتذہ سے رضاکارانہ طور آگے آکر طلاب کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔