رام بن کی پچاس کے قریب رابطہ سڑکیں بند | جمعہ کی رات سے بیشتر علاقے بجلی سے بھی محروم

محمد تسکین

بانہال // ضلع رام بن میں درجنوں رابطہ سڑکیں پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کیوجہ سے بند ہوگئی ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ رسل و رسائیل کے نظام سے منقطع ہوگئے ہیں۔ یکم مارچ سے جاری بارشوں کی وجہ سے کئی علاقوں میں غذائی اجناس کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ناچلانہ، کھڑی، مہو سڑک کئی مقامات پر تباہ ہوگئی ہے جبکہ بانہال،منگت ، چملواس، نیل رابطہ سڑکیں پچھلے قریب ایک مہینے سے بند ہیں۔ ضلع رام بن میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پچاس کے قریب رابطہ سڑکیں پسیوں کے گر آنے اور برفباری کیوجہ سے بند ہوگئی ہیں اور ضلع کے بیشتر پہاڑی علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی بجلی کی ترسیلی لائینوں اور کھمبوں کو پہنچے نقصانات کی وجہ سے جمعہ کی رات سے ہی منقطع ہے۔