رام بن کی بالائی پہاڑیوں پر تازہ برفباری

محمد تسکین
بانہال // ہفتے کی صبح سے ہی صوبہ جموں خاص کر رام بن ضلع میں ہلکی اور موسلادھار بارشوں کی وجہ سے لوگوں کو گرمی کی شدت سے راحت ملی ہے جبکہ دوپہر بعد بانہال اور گول کی کئی پہاڑی چوٹیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے۔ بانہال کھڑی ، پوگل پرستان ، گول اور بٹوت میں اگرچہ دن کے اوقات میں سخت گرمی رہتی ہے تاہم صبح اور شام کے اوقات میں یہاں موسم معتدل رہتا ہے جبکہ رام بن ، میترا ، دھرمکنڈ کے علاقوں میں شدید گرمی سے لوگوں کا حال بے حال تھا۔ ہفتے کی صبح سے ہورہی بارشوں کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آگئی ہے اور رام بن ضلع سمیت صوبہ جموں میں لوگوں نے گرمی کی شدت سے سے راحت کی سانس لی ہے۔ جاری بارشوں سے گھاس ، مکئی ، سبزیوں اور دیگر پھل اور فصل اور زمیداروں کو بھی فائدہ پہنچنے کی امید ہے ۔ اس دوران سب ڈویژن گول کے سرکنٹھا ٹاپ اور بانہال سب ڈویژن میں تحصیل کھڑی کی آرم نکھ اور انگریز تھم سمیت کئی پہاڑی چوٹیوں پر تازہ برفباری ہوئی ہے اور سردی میں اضافے کے پیس نظر لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کیا ہے۔