رام بن کورٹ روڈ پر گاڑیوں کی غلط پارکنگ سے عوام پریشان

رام بن // ضلع کے اولڈ ہیڈ کوارٹر میںسڑک کے فٹ پاتھوں پر ناجائز تجاوزات اور کورٹ روڈ پر نجی گاڑیوں کی غلط پارکنگ سکول جانے والے طلاب، ہسپتال جانے والے مریضوں اور عدالتوں میں جانے والوں کے لئے کافی پریشانی بن گئی ہے۔ان لوگوں نے میونسپل حُکام پر مبینہ الزام لگایا ہے کہ حُکام نے فٹ پاتھوں ،یہاں تک کہ ہسپتال جانے والی سڑک پر بھی ریڑھی والوں کو سودا فروخت کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا ہے کہ مریضوں کو لے جارہی ہسپتال کی ایمبولنسوں کو راستہ صاف ہونے میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے، جو کہ کسی بھی صورت میں ٹھیک نہیں ہے۔انہوں نے مبینہ الزام لگایا کہ ضلع ہسپتال کے مین گیٹ کے نزدیک، اولڈ ضلع آفس کمپلیکس کے پاس بھی درجنوں گاڑیاں ناجائز طریقہ سے پارک کی جاتی ہیںجسکی وجہ سے ہسپتال لائے جا رہے مریضوں یا وہاں سے منتقل کئے جارہے مریضوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔قصبہ کے ایک سماجی کارکن نے دعویٰ کیا کہ جب بھی کبھی پولیس ،عوامی دربار منعقد ہوتا ہے تو ہم غلط  پارکنگ اور فٹ پاتھوں پر سے ناجائز قبضہ ہٹانے کی جانب توجہ مبذول کرتے ہیں لیکن ہمیں فقط یقین دہانیوں کے کُچھ اور نہیں ملتا ہے اور صورت حال جوں کی توں رہتی ہے۔قصبہ کے عوام نے پولیس انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کے افسروں سے مطالبہ کیا ہے کہ قصبہ کو اس پریشانی سے نجات دلانے کے لئے مؤثر کارروائی کی جائے۔