رام بن //رام بن میں کلریکل کیڈر کی ہڑتال کے چوتھے روز بھی جاری رہی جس کی وجہ سے ضلع کے دفاتر میں کام و کاج مفلوج ہوکر رہ گیا ۔ کلرکوں نے اپنے مطالبات کو تسلیم کرنے کے لئے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔مظاہرین ایک ہی گریڈ کے درمیان تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ریلی میں کافی تعداد میں کلرکوںنے شرکت کی اور انہوںنے اپنے ہاتھوں میں بینر اٹھارکھے تھے ۔ یہ کلرک ڈی سی آفس کمپلیکس کے باہر اکٹھا ہوئے اور اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بلند کرتے رہے۔ کلرکوں کی ہڑتال کی وجہ سے رام بن، بٹوت ،راج گڑھ، گول، اُکھڑال، کھاری اور بانہال تحصیلوں میںعام لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے ایک کلرک ارشاد حُسین نائیک نے کہاکہ سرکار نے متعدد کمیٹیاں تشکیل دینے اور جے اینڈ کے ہائی کورٹ کی ہدایات کے باوجود ان کی تنخواہوںمیں تفاوت کو دور نہیں کیا ،جسے ساتویں تنخواہ کمیشن کو لاگو کرنے سے قبل حل کرنا چاہئے تھا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کلرک اپنی تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے بغیر ساتویں تنخواہ کمیشن کے تحت نئے تنخواہ نہیں نکالیں گے۔انہوں نے جموں میں سیکرٹریٹ گھیرائو کے دوران کلرکوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔
رام بن کلرکوں کی ہڑتال چوتھے روز بھی جاری
