رام بن پولیس نے پولیس کے نام پررشوت لینے والا شخص گرفتار کیا

بانہال//پیر کے روز رام بن پولیس نے پولیس کے نام پر رشوت لینے والے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے اور اس کے خلاف دفعہ 420انڈین پینل کوڈ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ رام بن ضلع پولیس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اسٹیشن رام بن میں کالی سنگھ ولد گنگا رام ساکنہ گنوت ، رام بن کی طرف سے ایک تحریری شکایت درج کروائی گئی جس میں اس نے کہا کہ دو دن قبل اس کے بہنوئی سنجے سنگھ کو کسی معاملے کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس سٹیشن رامبن بلایا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سنجے سنگھ کو بحفاظت گھر والوں کے حوالے کرنے کیلئے علاقہ گنوت کی سرپنچ کے شوہر نریندر سنگھ ولد برج لال ساکنہ گنوت رام بن کو پولیس تھانہ رام بن میں بلایا گیا تھا تاکہ سنجے سنگھ کو گھر بھیجا جائے ۔ شکایت کنندہ کالی سنگھ نے شکایت میں کہا ہے کہ مذکورہ ملزم نریندر سنگھ نے انہیں بتایا کہ پولیس اس کے بہنوئی سنجے سنگھ کو رہا کرنے کے لیے ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کر رہی ہے اور وہ پچاس ہزار روپئے میں معاملہ طے کرنے میں ان کی مدد کر سکتا ہے۔ اس مانگ سے گھبرا کر الجھن کے عالم میں کالی سنگھ نے ملزم نریندر سنگھ کو تیس ہزار روپئے کی نقد رقم پیشگی رقم کے طور ادا کر دی ۔ دھوکہ دیہی کے اس کیس میں ملوث ملزم نریندر سنگھ ایک سکول ٹیچر ہے اور گنوت پنچایت میں اس کی اہلیہ پنچایتی نمائندہ ہیں۔ پیر کے روز جب یہ معاملہ رامبن پولیس کی نوٹس میں آیا تو پولیس نے ملزم نریندر سنگھ کو پولیس تھانہ رام بن بلایا اور اس نے شکایت کنندہ سے پولیس کے نام پر رشوت کے طور پر رقم لینے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد اس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔ بیان میں کہا ہے کہ اس طرح کے افسوسناک طرز عمل سے ملزم نریندر سنگھ نے معاشرے میں پولیس کی شبیہ اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے اور اس سلسلے میں ایک کیس نمبر 218 /2021زیر دفعہ انڈین پینل کوڈ 420کے تحت پولیس سٹیشن رام بن درج کیا گیا ہے اور مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے عام لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جعلساز لوگوں کے جال میں نہ پھنسیں اور ایسے کسی بھی شخص کو گرفتار کرنے میں پولیس کی مدد کریں جو کوئی شخص غیر قانونی طور سے کوئی رقم یا رشوت مانگ رہا ہو ۔ لوگوں سے کہا گیا ہے کہ ایسے کسی بھی معاملے میں وہ ڈپٹی سپر انٹنڈنٹ آف پولیس ہیڈکوارٹر رام بن ، جو ضلع پولیس رام بن کے ڈسٹرکٹ ویجیلنس آفیسر بھی ہیں کے موبائل نمبر 9858512348پر براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔