بانہال //محمد تسکین// ضلع رام میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور جمعرات کے روز 23 سی آر پی ایف اہلکاروں سمیت کل 27 افراد کے نمونے مثبت آئے جن میں 2حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔ ضلع رام بن میں متاثرہ مریضوں کا ہندسہ 300 کو پار کر گیا ہے تاہم بدھ کی شام تک 209 افراد صحت یاب ہوگئے ۔چیف میڈیکل افسر رام بن داکٹر محمد فرید بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 13 جولائی کو لئے گئے کووڈ نمونوں کی جانچ کے نتائج کے بعد سی آر پی ایف کیمپ بھوم چندرکوٹ کے 23 اہلکار مثبت آئے جبکہ بانہال سے 2حاملہ خواتین سمیت 4 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جن میں سے ایک کا سفری پس منظراننت ناگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال کے 4میں سے 2 مثبت افراد کے نمونے رینڈم ٹیسٹنگ میں سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بغیر ضرورت گھروں سے باہر نہ آئیں اور ماسک کا استعمال ہر حال میں کریں تاکہ سماج میں پھیلی وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔ دریں اثنا ضلع رام بن کی تحصیل بانہال میں دوبارہ عائد کئے گئے لاک ڈائون کا نفاذ جمعرات کو تیسرے روز بھی سختی سے جاری رہا اور بندشوں کی وجہ سے معمول کی زندگی متاثر ہے۔
رام بن میں 300کا ہندسہ بھی پار
