رام بن //رام بن میں ایک کمسن بچی پسی کے ملبے تلے دب کر لقمہ اجل بن گئی ۔یہ واقعہ تحصیل راج گڑھ کے گولی دھرا برالا کمیت علاقے میں منگل کی صبح پیش آیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ 7سالہ آفرینہ بانو دختر محمد شمیم پریہار ساکن کمیت حال برالا کمیت تحصیل راج گڑھ جنگل میں مویشیوں کے ساتھ تھی جس دوران وہ ایک پسی کی زدمیں آکر ملبے میں دب گئی۔اطلاع ملتے ہی پولیس چوکی راج گڑھ سے ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور بچی کی نعش کو ملبے سے باہر نکالا۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب لہار سنگھ اور ودیا رام پسران دیوراج ساکنان برالا اپنے دیگرساتھیوں کے ہمراہ کائل کے ایک درخت کو آرے سے کاٹ رہے تھے اور درخت کاٹنے کے دوران یہ پسی گرآئی۔پولیس نے نعش کاپوسٹ مارٹم کرانے کے بعد اسے آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے حوالے کردیا۔ایس ایچ او سنیل شرما نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ اس سلسلے میں ایف آئی آر زیر نمبر 102زیر سیکشن 304-A/379کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایاکہ پولیس نے دو شناخت شدہ اور ان کے ساتھی ملزمان کو پکڑنے کیلئے تلاش شروع کردی ہے جو غیر قانونی طور پر درخت کاٹ رہے تھے جس کے سبب لڑکی کی موت ہوئی۔