رام بن میں ٹرک حادثے کا شکار | ایک شخص چناب میں غرقاب، 2 زخمی

بانہال// جموں ۔سرینگر شاہراہ پر سڑک حادثات کے جاری سلسلے میں اتوار کی علی الصبح جموں سے وادی کشمیر کی طرف آنے والے دو ٹرک کرول رامبن اور کنفر چندر کوٹ میں حادثے کا شکار ہوئے جس میں ایک ٹرک ڈرائیور دریا چناب میں ڈوب جانے کا  خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ دونوں حادثوں میں بچ نکلے دو دیگر مسافر زخمی ہوئے ہیں اور انہیں ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا ہے۔ پہلا حادثہ اتوار کی رات دو بجے کے قریب کنفر چندرکوٹ کے مقام پیش آیا اور ٹرک میں واحد سوار ڈرائیور محمد شاہد ولد محمد یوسف ساکنہ اچھہ بل اننت ناگ شدید زخمی ہوگیا ، زخمی کو پولیس اور کیو ار ٹی رضاکاروں کی مدد سے ضلع ہسپتال رامبن منتقل کیا گیا۔ دوسرا حادثہ اتوار کی علی الصبح چار بجے کے قریب رامبن کے نزدیک جیسوال پل کرول میں کشمیر کی طرف آنے والے دوسرے ٹرک کو پیش آیا اور اس حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور محمد شفیع ولد غلام محمد ساکنہ قاضی گنڈ آننت ناگ لاپتہ ہوگیا ہے اور غالب امکان ہے کہ وہ دریائے چناب کے تیز بہاؤ میں بہہ گیا ہے جب کہ اس حادثے میں محمد عمر ولد محمد امین وگے ساکنہ قاضی گنڈ شدید زخمی ہوا اور اسے رامبن کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور دونوں زخمی زیر علاج ہیں اور انکی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ دریا برد ہوئے ڈرائیور محمد شفیع کا پتہ لگانے کیلئے رامبن پولیس ، ایس ڈی آر ایف اور سول کیو آر ٹی کے رضاکاروں کی طرف سے اتوار کی صبح سے ہی تلاش کاروائیاں شروع کی گئی ہیں لیکن اتوار کی شام تک بھی دریا برد ہوئے ڈرائیور کا کوئی پتہ نہیں چل پایا تھا۔