رام بن میں سڑک حادثے،6 لقمہ اجل ، 11 زخمی

بانہال // ضلع رام بن میں پیر کی رات تین الگ الگ سڑک حادثوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت کم از کم چھ افراد ہلاک جبکہ ایک خاتوں سمیت ایک درجن کے قریب مسافر زخمی ہوئے ۔پہلا حادثہ پیر کی رات گیارہ بجے کے قریب بانہال کے پوگل پرستان علاقے میں اُسوقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک ایکو گاڑی اکڑال سینا بتی رابطہ سڑک پر پنگلوگہ کے قریب سڑک سے لڑھک کر کھائی میںجا گری۔ سڑک حادثے کی وجہ سے تین موقع پرہی ہلاک جبکہ ڈرائیور سمیت پانچ دیگر زخمی ہوئے ۔حادثے میں پولیس نے مرنے والوں کی شناخت 55 سالہ ملاپ سنگھ ولد امرناتھ ساکن باس سینا بتی ، 44 سالہ کیشو رام ولد برج لعل ساکن سینا بتی تحصیل اکڑال اور 24 سالہ راجو سنگھ ولد شنکر سنگھ ساکن دیسہ تحصیل ڈوڈہ کے طور کی گئی۔ حادثے میں پانچ زخمیوں کو مقامی لوگوں اور پولیس کی مدد سے پرائمری ہیلتھ سینٹر اکڑال سے ضلع ہسپتال رام بن منتقل کیا گیا ۔ زخمیوں کی شناخت ڈرائیور ریاض احمد ، کلیان سنگھ ، کرتار سنگھ ، فلور سنگھ اور ہری اوم سنگھ ساکنان سینا بتی تحصیل اکڑال پوگل پرستان کے طور کی گئی ۔ دوسرا حادثہ منگل صبح نو بجے کے قریب رام بن کے کیلا موڑ کے نزدیک پیش آیا جب ایک مقامی موٹر سائیکل سوار کو ایک ٹرک نے اپنی زد میں لاکر زوردارٹکر ماردی جس کی وجہ سے 24 سالہ موٹر سائیکل سوار سندیپ سنگھ ولد موہن سنگھ ساکن تیلی ماجرہ کی موت واقع ہوگئی۔تیسرا حادثہ بھی منگل کی صبح گیارہ بجے کے قریب رام بن گول سڑک پر کنگا کے قریب پیش آیا جب سمبڑھ سے رام بن کی طرف آنے والی ایک ٹاٹا سومو شاہراہ سے لڑھک کر دوسو فٹ نیچے کھائی میں جا گری۔ اس حادثے میں ایک پولیس اہلکار سمیت دو افراد موقع پرہی ہلاک  جبکہ6 دیگر زخمی ہوئے ۔ پولیس نے حادثے میں مرنے والوں کی شناخت 25 سالہ پولیس اہلکار بٹو رام ولد ولد چین سنگھ ساکن سمبڑھ  رام بن  اور 26 سالہ نیک رام ولد دیوی چند ساکن چھانپہ بٹوٹ کے طور کی ہے۔ حادثے میں زخمیوں کی شناخت درشن سنگھ ، انکی اہلیہ دیپا دیوی، محمد قاسم ، مشتاق احمد ، رنجیت سنگھ اور محمد اسلم ساکنا ن سمبڑھ شامل ہیں۔