بلال فرقانی
سرینگر//اسمبلی حلقہ رام بن میں98ہزار99رائےد ہندگان18ستمبر کو پہلےمرحلہ کے تحت8امیدواروں کی سیاسی تقدیر کا فیصلہ کریںگے۔ان رائے دہندگان میں50ہزار982مرد اور47ہزار116خواتین کے علاوہ ایک خواجہ سرا بھی ووٹرشامل ہیں۔ نشست کیلئے مجموعی طور پر171پولنگ مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اس نشست پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے مشترکہ امیدواراور بی جے پی امیدوار کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا۔نیشنل کانفرنس نے اس اسمبلی حلقہ انتخاب سے ارجن سنگھ راجیو جبکہ بی جے پی نے راکیشن سنگھ ٹھاکر کو میدان میں اتارا ہے۔ دیگر امیدواروں میں شیو سینا(ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے تلک راج کے علاوہ آزاد امیدوار چین سنگھ،دیو راج سنگھ،سنیل سنگھ،سورج سنگھ پریہار اور ستیش کمار شامل ہیں۔اس نشست سے اب تک نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے4،چار بار کامیابی حاصل کی تاہم بی جے پی نے2 بھی مرتبہ بازی مار دی۔1962میں اس نشست سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار میر اسد اللہ نے کامیابی حاصل کی تاہم1967میں کانگریس امیدوار ایچ راج اور1972میں کانگریس کے ہی محمد اختر نظامی نے فتح حاصل کی۔1977میں اس نشست سے نیشنل کانفرنس کے پریم ناتھ سنگھ جبکہ1983میں کانگریس کے جگ دیو دنگھ کو کامیاب قرار دیا گیا۔1987میں نیشنل کانفرنس کے امیدوار بھرت گاندھی نے کامیابی حاصل کی تاہم1996میں بی جے پی کے بالی بھگت نے میدان مار لیا۔2002کے انتخابات میں بی جے پی کے پروفیسر چمن لعل گپتا جبکہ2008میں کانگریس کے اشوک کمار نے بازی مار دی۔2014کے الیکشن میں بی جے پی کے نیلم لنگے نے اس نشست سے بھاجپا کو کامیابی دلا دی۔