رام بن اور کشتواڑ میں حادثات،2لقمہ اجل

 سرینگر//رام بن میں پولیس گاڑی کے دریائے چناب میں گرنے سے اس کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا جبکہ کشتواڑ میں ایک تیز رفتار ٹرک نے راہ چلتی60سالہ خاتون کو کچل دیا۔تفصیلات کے مطابق سرینگر جموں شاہراہ پر رام بن کے نزدیک پولیس کی ایک گاڑی زیر نمبرJK02AR/0493اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی او ر شاہراہ کے کنارے سے لڑھک کر گہری کھائی میں دریائے چناب کے کنارے پر جاگری۔عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری کے نتیجے میں پیش آیاجس دوران گاڑی کا ڈرائیور دریا میں جاگرا اور پانی کے تیز بہاﺅ کے ساتھ بہہ گیا۔حادثے کے بعد مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس کی ایک ٹیم بھی جائے واردات پر پہنچی اور ڈرائیور کی تلاش شروع کی جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور ممکنہ طور دریا میں بہہ کر لقمہ اجل بن گیا ہے ۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرلیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔ادھر کشتواڑ میں ایک تیز رفتار ٹرک نے راہ چلتی60سالہ سومی دیوی زوجہ پورن چند نامی خاتون کو اپنی زد میں لاکر بری طرح سے کچل ڈالا جس کے نتیجے میں اس کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی۔یہ حادثہ کشتواڑ اننت ناگ شاہراہ پر قصبہ کشتواڑ سے دو کلومیٹر دور سنگرام بھاٹا کے نزدیک اُس وقت پیش آیا جب مذکورہ خاتون صبح کی چہل قدمی کررہی تھی۔پولیس نے فوری کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹرک کو اپنی تحویل میں لیا اور ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔