رام بن انتظامیہ کی بجلی چوری کیخلاف مہم میں سرعت

رام بن//رام بن ضلع انتظامیہ نے ضلع میں بجلی چوری پر قابو پانے کیلئے جاری مہم میں سرعت لائی ہے ۔ضلع کے ترقیاتی کمشنر طارق حُسین گنائی کی رہنمائی میں جاری غیر قانونی بجلی کنکشن ہٹانے کے دوران خاطی افراد سے 36924روپے جُرمانہ بھی وصول کیا ہے۔ڈی ایم نے مشترکہ اینفورسمینٹ ٹیم سے باقاعدگی سے چیکنگ کرنے خصوصی طور سے اوور لوڈشدہ علاقوں کی چیکنگ کرنے کی ہدایت دی تاکہ بجلی چوری کو روک کر عام لوگوں اور جائز صارفین کو راحت دلائی جا سکے۔مہم ضلع بھر میں جاری رکھنے کی ہدایت دیکر ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ بجلی کے اہلکاروں بشمول ایگزیکٹو انجینئر،ای ایم اینڈ آر ای بٹوت حبیب چودھری، اے ای ائیز ،اے ائیز، جے ائیز اور فلیڈ عملہ کو اس طویل مہم کی مانیٹرنگ روزانہ بنیادوں پر کرنے کی ہدایت دی،تاکہ بجلی کی سپلائی میں رخنہ ڈالنے کو روکنے کے لئے بر وقت لازمی اقدم کئے جا سکیں۔ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق کل ملا کر 137چھاپے مارے گئے ،جس دوران36924 روپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا ۔مہم کے دوران 54کلو واٹ کے47 بجلی کنکشنوں کو بھی باقاعدہ بنایا گیا ، جس سے محکمہ کے ریوینیو میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے ضلع کے ایس ڈی ایم ،تحصیلداروں اور ایس ایچ اوز کو محکمہ بجلی کی غیر قانونی کنکشن ہٹانے،غیر قانونی مشینیوں کوبند کرنے اور بجلی چوری کو روکنے میں تما م قسم کی معاونت فراہم کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی کنکشن محکمہ کے پا س درج کریںاور بجلی چوری سے اجتناب کرنے اور بجلی کا ناجائز استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی ، تاکہ غیر قانونی کنکشن کاٹنے اور جرمانہ ادا کرنے  اور قانونی کاروائی سے بچا جا سکے۔