رام بن انتظامیہ کا بانہال میں عوامی دربار

بانہال //ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن طارق حُسین گنائی نے تحصیل بانہال کا ایک طویل دورہ کیا ،تاکہ مقامی لوگوں کو مہیا کی جارہی بنیادی سہولیات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس، ایگزیکٹو انجینئر، بی ایم او، تحصیلدار بانہال شفیق وانی و دیگر متعلقہ افسران، بار ایسو سی ایشن کے ممبران،مقامی لوگوں خصوصاً نوجوانوں نے عوامی دربار میں شرکت کی۔ڈی سی نے مختلف مقامات کا دورہ کرکے موقعہ پر ہی کئی مسائل حل کئے ،جن میں چملواس پُل، کھار پورہ پُل ،کورٹ کمپلیکس، ریلوے اسٹیشن، مین ماررکیٹ بانہال ،ٹیتھر اور بنکوٹ شامل ہیں۔دریں اثنا، ضلع ترقیاتی کمشنر نے بانہال میں ایک عوامی دربار منعقد کیا جس میں متعدد دیہات کے لوگوں نے شرکت کی۔لوگوں نے ڈی سی کو اپنے مسائل جیسے کہ پینے کے پانی،بجلی کی ناقص سپلائی،قومی شاہراہ کی دیکھ ریکھ، میٹا ڈاروں اور سومووں کی جانب سے طے کرایہ سے زیادہ کرایہ وصول کرنے،نالیوں کی عدم موجودگی،ہیلتھ سہولیات، سڑکوں پر میکڈم بچھانے، جدید سیاحتی مقامات کو فروغ دینے،پُلوں اور فُٹ پاتھوں کے مسائل پیش کئے۔ڈی سی نے ضلع سے سماجی بدعات کا خاتمہ کرنے کے لئے معزز شہریوں، مذہبی اشخاص، نوجوانوں اور خواتین کا تعاون طلب کیا۔عوامی دربار میں موضع نوگام ، ٹیتھر، چھریل، لمبر، کسکوٹ،چھگلو، گنڈالڈکوٹ،ڈولی گام، چپناری، عشر، چچہال،وغیرہ کے لوگوں نے بھاری تعداد میں شرکت کرکے اپنے مسائل حل کرائیے۔ڈی سی نے افسروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ ضلع کے دور دراز علاقوں کا دورہ کریں ، تاکہ ان میں اعتماد پیدا کیا جا سکے ۔انہوں نے تعمیراتی کاموں میں معیاری میٹرل استعمال کرنے اور ریاستی و مرکزی سرکار کی جانب سے چلائی جا رہی مختلف سکیموں کی جانکاری عوام کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔ڈی سی نے دربار کے دوران متعدد مسائل کا موقعہ پر ہی حل کرنے کے احکامات جاری کئے ۔