رامسو کے نزدیک چٹانیں گرآئیں | شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند

بانہال// جموں سرینگر شاہراہ پر رامسو کے نزدیک گانگرو علاقے میں اتواربعد دوپہر بھاری چٹانیں گر آئیں جس کے نتیجے میں شاہراہ کم از کم دو گھنٹوں تک بند رہی۔ اتوار کے روز معمول کے ٹریفک کو یکطرفہ طور پر وادی سے جموں کی طرف آنے کی اجازت تھی۔ زیر تعمیر فور لین شاہراہ پر رامسو کے نزدیک بھاری چٹانیں گر آئیں اور رواں ٹریفک کو کئی مقامات پر آگے بڑھنے سے روک دیا گیا۔ تعمیراتی کمپنی کی مشینری کی مدد سے گر آئی چٹانوں اور بھاری پتھروںکو توڑنے کے بعد شاہراہ کو صاف کیا گیا اور قریب ڈیڑھ گھنٹے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت دوبارہ بحال کی گئی۔ آج جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو یکطرفہ طور چلنے کی اجازت ہوگی اور مسافر گاڑیوں کو دن کے گیارہ بجے سے پہلے ادہمپور کے جیکھینی علاقے میں قائم ٹریفک چیک پوسٹ کو پار کرنا ہوگا۔