رامسو میں ٹرک نالے میں گرا

بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر ہنگنی رامسو کے مقام پر ایک ٹرک سڑک سے لڑھک کر نالہ بشلڑی میں جا گرا جس کے نتیجے میں اس میں سوار دو افراد لاپتہ ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ امرتسر کا یہ سبزیوں سے لدھا ٹرک جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران جمعہ کی رات قریب دس بجے ناچلانہ اور رامسو کے درمیان ہنگنی پل کے مقام پر سڑک سے لڑھک کر نالہ بشلڑی  کے پانی کے تیز بہائو میں گم ہوگیا۔ ٹرک میں سوار کم از کم دو افراد پانی کے تیز بہاؤ میں بہہ گئے ہیں۔ جمعہ کی رات حادثے کی خبر ملتے ہی رامسو پولیس ، فوج اور این جی او بانہال والنٹیٹرز کے رضاکاروں کی طرف سے بچاؤ کارروائیوںکو شروع کیا گیا اور آپریشن ہفتے کو بھی جاری رہا لیکن ٹرک میں سوار ڈرائیور اور کنڈیکٹر کا کوئی اتہ پتہ نہیں چل سکا۔ ہفتے کے روز انتظامیہ کے کہنے پر ریلوے تعمیراتی کمپنی افکان کی طرف سے ایک کرین بھی مدد کیلئے بھیجی گئی اور مکمل طور سے تباہ ہوئے ٹرک کے اندر اور باہر اس کے سواروں کی تلاش کی گئی لیکن ہفتے کی شام تک یہ کارروائی بھی بے نتیجہ ثابت ہوئیں۔ ٹرک امرتسر کا ہے اور ٹرک کے آن لائین ڈیٹا کے مطابق اس کا مالک سکندر سنگھ ولد بدھ سنگھ بتایا جاتا ہے۔ ہفتے کے روز ایس ایس پی رام بن ڈی پی نتیا نے بھی علاقے کا دورہ کرکے بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔