رامسو اور بانہال میں بجلی ،سڑک رابطے بحالی کے منتظر! | برف باری کے بعد پینے کے پانی سمیت دیگر سہولیات تاحال ندارد

بانہال// ضلع رام بن کی سب ڈویژن رامسو کے علاوہ نیل کی کئی پنچایتوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے معمولات کی زندگی متاثر ہوئی ہے اور ہزاروں نفوس پر مشتمل لوگوں کی بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔ سابقہ تحصیل بانہال کا نیل علاقہ بانہال سے قریب بیس کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے اور چملواس نیل رابطہ سڑک کے مسلسل زیر برف ہونے کی وجہ سے نیل کی آبادی کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔ مقامی سماجی کارکن ذوالفقار احمد نائیک نے ایک بیان میں کہا ہے بانہال اور رامسو سب ڈویژن میں رابطہ سڑکوں کو فوری طور بحال کیا جائے اور علاقہ نیل میں بجلی ، سڑک اور پینے کے پانی کی منقطع سروسز کو جلد از جلد بحال کیا جائے اور نیل کے علاقوں میں تیل خاکی اور دیگر سروسز کو یقینی بنایا جائے تاکہ برفباری سے متاثرہ لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے گورنر اور ضلع انتظامیہ رام بن سے اپیل کی ہے کہ رامسو سب ڈویژن میں نیل کے دور افتادہ علاقوں میں برفباری سے ہوئے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جائے اور بجلی کی ترسیلی لائنوں کی فوری مرمت کی جائے۔