راما کنڈ، دگن ٹاپ، حجام مرگ، آستان مرگ، درساں گلی، جبڑ، گھوڑا گلی، تنگالی، جبڑ سر ، تتا پانی فطری حسن کے عظیم شاہکار قدرتی حسن سے مالامال گول کے سبھی صحت افزاء مقامات حکومت کی نظروں سے اوجھل ،تمام مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کی مانگ

 زاہدبشیر

گول// ضلع رام بن کے سب ڈویژن گول کے درجن بھر قدرتی حسن سے مالامال سیاحتی مقامات حکومت کی عدم توجہی کا شکار ہیں ۔ گول کے اونچی اونچی وادیاں ، سرسبز میدان ، آسمان سے باتیں کرتے درخت ، اونچے اونچے پہاڑ، آبشار خوبصورتی میں اپنی مثا ل آپ ہیں۔یہاں کے سیاحتی مقامات راما کنڈ، دگن ٹاپ، حجام مرگ، آستان مرگ، درساں گلی، جبڑ، گھوڑا گلی، تنگالی، جبڑ سر ، تتا پانی کے علاوہ دیگر سیاحتی مقامات اکیسویں صدی میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔ گول سب ڈویژن میں کئی ایک سیاحتی مقامات ہیں جہاں پر سیاحوں کی آمد و رفت رہتی ہے۔ان میںراما کنڈ ، دگن ٹاپ، گھوڑا گلی ، تتا پانی وغیرہ شامل ہیںلیکن گول میں بے شمار ایسے مقامات بھی ہیں جن پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔یہاں سنگلدان میں ریل آنے کے ساتھ ہی لوگوں میں یہ اُمید جاگی ہے کہ اب گول سب ڈویژن کے سیاحتی مقامات پر زیادہ سے زیادہ سیاح آ سکیں گے جن کو اب یہاں کا سفر کرنا آسان ہو گا ۔ بالخصوص اگر ہم تتا پانی کی بات کریں گے جو ریلوے اسٹیشن سنگلدان سے صرف چھ کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے جہاں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں زائرین آتے ہیں لیکن یہاں پر انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک تعمیر وترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ یہاں پر رہنے کے لئے جگہ نہیں ،بیت الخلائوں کی حالت ابتر ، پینے کے پانی کا فقدان ، بجلی وغیرہ کا کوئی بندو بست نہیں ہے ۔ آئے روز گول کے ان سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے لیکن یہاں پر بنیادی سہولیات کا فقدان ہے ۔

 

بیت الخلاء ، پینے کا صاف پانی ، ہٹ وغیرہ ان چیزوں کی اشد ضرورت ہے ۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ مختلف سماجی تنظیموں سے وابستہ لوگوں نے کہا کہ گول کے سیاحتی مقامات کو ٹورازم کے نقشے پر لانے کی اشد ضرورت ہے ۔ پیس اینڈ ویلفیر کمیٹی کے سرپرست عبدالرشید بیگ نے کہا کہ راما کنڈ علاقہ میں یہاں امسال 12جون کو ایک بہت بڑا میلہ بھی منعقد کرایا گیا تھا جہاں پر ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن اور ڈی ڈی سی چیر پرسن رام بن نے بھی وعدہ کیاتھا کہ یہاں پر بنیادی سہولیات بیت الخلاء اور پینے کا پانی کا بندو بست جلد کیا جائے گا لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ گول کے تمام سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے اور محکمہ ٹورازم کو چاہئے کہ وہ سنگلدان ریلوے اسٹیشن پر بڑے بڑے بورڈ لگائے تا کہ یہاں آنے والے سیاحوں کو یہاں کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کیا جا سکے اور راما کنڈ سے حجام مرگ تک ایک گنڈولہ پروجیکٹ بنایا جائے تا کہ یہاں کے نظاروں کو دیکھا جا سکے ۔ بیگ نے منزم کنڈ میں کرکٹ سٹیڈیم کی بھی مانگ کی۔ انہوں نے کہا کہ کئی سال قبل یہاں گھوڑا گلی کے پاس انورنمنٹل پارک پر لاکھوں روپے لگائے تھے جہاں پر ایک چھوٹا سا کوارٹر بھی بنوایا گیا لیکن وہ پارک نیست نابود ہو چکی ہے جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔سول سوسائٹی گول کے صدر شمس الدین وانی نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ یہاں پر درجن بھر قدرتی حسن سے مالا مال سیاحتی مقامات ہیں ۔ شمس الدین نے کہا کہ حجام مرگ سے راما کنڈ ، دگن ٹاپ سے نرسنگا ، جبڑ سے درساں گلی تک گنڈولہ پروجیکٹوں کی اشد ضرورت ہے تا کہ یہاں پر زیادہ سے زیادہ سیاح آ سکیں ۔ انہوں نے جبڑ سرکی صفائی اور اس کو سیاحتی نقشے پر لانے کی مانگ کی تا کہ اس سر کو ایک جھیل کی طرح بنایا جائے اور یہاں پر کشتیوں کے ساتھ ساتھ ٹورسٹ ہٹس کی بھی تعمیر کی جائے ۔انہوں نے سنگلدان تتا پانی سڑک کی حالت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ تتا پانی میں لائٹ، بیت الخلاء کی صفائی اور یہاں پر دیگر سہولیات کو بہتر بنانے کی مانگ کرتے ہوئے کہا کہ اب سیزن آنے والا ہے یہاں آنے والے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سانا نا کرنا پڑے ۔اصلاح معاشرہ صدر رحمت اللہ زوہد نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ گول کے سیاحتی مقامات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ یہاں پر قدرتی حسن سے مالا مال خوبصورت مقامات ہیں لیکن یہ تمام حکومتوں کی عدم دلچسپی کا شکار رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام سیاحتی مقامات کو سیاحتی نقشے پر لانے کی اشد ضرورت ہے تا کہ یہاں پر تعمیر و ترقی ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ان سیاحتی مقامات کو نقشے پر لانے سے یہاں کے بیروزگاروں کو بھی روزگار میسر ہو گا ۔ انہوں کہا کہ راما کنڈ کے ساتھ دو سڑکیں ملتی ہیں لیکن دونوں کی حالت ابتر ہے ۔ رحمت اللہ نے کہا کہ ایک بدھن سڑک کے ساتھ جو کافی عرصہ قبل تعمیر کی گئی لیکن اُس کی حالت ہمیشہ ابتر رہتی ہے وہیں اسی سال یہا ں گول کے ایشکنڈ سے ایک سڑک راما کنڈ کی جانب تعمیر کی گئی جس پر بلیک ٹاپ بچھانے کی ضرورت ہے اور ان سڑکوں کے دونوں کناروں پر سبز درخت لگائے جائیں تا کہ یہ مزید خوبصورت لگے ۔ انہوں نے کہا کہ گول کے راما کنڈ ، دگن ٹاپ، منزم کنڈ، آستان کنڈ ، جبڑ ، گھوڑا گلی، تتا پانی ، حجام مرگ ، آستان مرگ وغیرہ سیاحتی مقامات پر پارکیں بنائی جائیں یہاں پر مختلف اقسام کے پھول لگائے جائیں تا کہ یہاں زیادہ سے زیادہ ساح آ سکیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جلد از جلد ان سیاحتی مقامات پر ٹورازم نقشے پر لا کر یہاں پر تعمیراتی کام کئے جائیں تا کہ یہاں زیادہ سے زیادہ سیاح آ سکیں ۔