تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے کچھ صارفین نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری سے مطالبہ کیا ہے کہ تحقیقات کے بعد صارفین کا راشن کاٹ کر دوسرے ڈیلر کے ساتھ جوڑاجائے نہیں تو اس سلسلے میں احتجاج کیاجائے گا۔صارفین کا کہناہے کہ قصبہ تھنہ منڈی کے چند مفاد خصوصی رکھنے والے اشخاص نے اپنے ذاتی مفاد کی خاطر جو فہرست تیار کی ہے، وہ سراسر غلط اور بے بنیادہے۔ان کاکہناہے کہ بیشتر صارفین گھر سے باہر ہیں یا تو مزدوری کی غرض سے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں یا ملک کے دوسرے شہروں میں کام کر رہے ہیں۔وارڈ نمبر 10 سے تعلق رکھنے والے چندصارفین غلام احمد ولد رمضانی،ذوالفقار احمد وشکیل احمد پسران غلام احمد کا کہنا ہے کہ انہوں نے تحصیل سپلائی آفیسر محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری تھنہ منڈی کو ایک تحریری درخواست دی ہے جس میںکہا گیا ہے کہ انکا راشن جس ڈیلر کیساتھ عرصہ قدیم سے لگا ہوا ہے،وہیں رکھا جائے۔غلام احمد کا کہنا ہے کہ وہ با لکل ا ن پڑھ اور انگوٹھا چھاپ ہے،جس کا اس فہر ست پر دستخط کیا گیاہے جو سرا سر جعلی ہے۔انہوںنے تحصیل و سب ڈیویژن انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کرے جنہوںنے دھوکہ دہی سے کام لیاہے ۔اس سلسلہ میں جب تحصیل سپلائی آفیسر تھنہ منڈی مرزا ضمیر سے بات کی گئی تو انہوںکہا کہ انکے دفتر میں راشن کاٹ کر ایک نئے ڈیلر کے ساتھ لگانے کی فہرست آئی ہے جسکی تحقیقات کی جا رہی ہے ۔انہوںنے کہا کہ وہ ان صارفین کو طلب کریں گے اور یہ پوچھاجائے گاکہ وہ ڈیلر کے ساتھ جاناچاہتے ہیں یانہیں ۔