راج کوٹ گجرات میںبھیانک آتشزدگی | 24 افراد ہلاک،گیمنگ زون مالک گرفتار

عظمی نیوز سروس

نئی دہلی// گجرات کے راج کوٹ کے ایک گیمنگ زون میں ہفتہ کو زبردست آگ لگنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ آگ ایک شاپنگ مال میں گیمنگ زون کے اندر اس وقت لگی جب وہ بچوں سے بھرا ہوا تھا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے پولیس کی ٹیمیں اور فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور گیمنگ زون کے مالک کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ ویک اینڈ کی وجہ سے شاپنگ مال بھیڑ سے بھرا ہوا تھا۔ آگ کی شدت اتنی بھیانک تھی کہ شاپنگ مال سے دھواں دور دور تک اٹھتا ہوا دیکھا گیا۔خیال کیا جاتا ہے کہ کچھ لوگ گیمنگ زون کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جہاں ریسکیو آپریشن زوروں پر ہے۔دریں اثناءگجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندرا پٹیل نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بچاو آپریشن کو ترجیح دیں اور زخمیوں کا فوری علاج یقینی بنائیں۔اُنہوں نے کہا کہ راج کوٹ کے گیم زون میں آتشزدگی کے واقعہ میں میونسپل کارپوریشن اور انتظامیہ کو فوری طور پر بچاو اور امدادی کارروائیوں کے لیے ہدایات دی گئی ہیں۔گجرات کے وزیراعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کے فوری علاج کے انتظامات کو ترجیح دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔