راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کی سرگرمیاں

 سرینگر//جموں وکشمیر قانون سازکونسل کے چیئرمین حاجی عنایت علی نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر موصوف کو ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر مبارک باد دی۔حاجی عنائت علی نے گورنر موصوف کو کرگل ضلع کے عوام کو تعلیم، سڑکوں اورعوامی اہمیت کے حامل دیگر امور کے حوالے سے درپیش مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔گورنر نے حاجی عنائت علی کو یقین دلایا کہ اُن کی جانب سے اُبھارے گئے مسائل پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے حاجی عنائت علی کو علاقہ کی ترقی اور عوامی بہبود کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی تلقین کی۔ روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز و شپنگ کے مرکزی وزیر مملکت منسُکھ ایل منداویہ نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر موصوف کو ریاست جموں وکشمیر کا گورنر مقرر کئے جانے پر مبارک باد دی۔گورنر موصوف اور مرکزی وزیر مملکت نے جموں وکشمیر میں متعدد زیر تعمیر اور مجوزہ قومی شاہراہ پروجیکٹوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مرکزی وزارت کی جانب سے روڈ ٹرانسپورٹ فلیٹ میں متعارف کئے گئے جدید نوعیت کے اقدامات کے بارے میں گورنر کے ساتھ بات چیت کی۔ان اقدامات میںمسافروں کے سلامتی اور تحفظ کے لئے جی پی ایس کی تنصیب وغیرہ بھی شامل ہے۔گورنر اورمرکزی وزیر مملکت نے کسانوں کو کھاد کی بروقت سپلائی کے امور بھی زیر بحث لائے۔گورنر نے ریاست جموں وکشمیر میں رابطہ سڑکوں کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کا زیادہ تر حصہ پہاڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ سڑک رابطوں کی مزید بہتری سے شعبۂ سیاحت کو دوام بخشنے میں کافی مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست میں متعدد سیاحتی صلاحیت والے مقامات اور دور دراز علاقوں کو ہمہ موسمی سڑکوں کی سہولیات دستیاب رہیں گی۔ادھرسابق وزیر غلام حسن میر نے آج یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے گورنر موصوف کو ریاست کا گورنر مقرر کئے جانے پر مبارک باد دی۔سابق وزیر نے گورنر موصوف کے ساتھ ریاست کے ترقیاتی منظر نامے میں بہتری لانے اور جموں وکشمیر میں دیرپا امن و امان کی بحالی کے لئے اُٹھائے جارہے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔گورنر اورغلام حسن میر نے عوام کوبنیادی سطح پر با اختیار کے لئے جمہوری اداروں کی اہمیت کے علاوہ دیہاتوں اور قصبوں کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے پر بھی گفت و شنید کی۔ضلع بارہ مولہ کے گُوم دیہات سے آئے فروٹ گرؤوس کے ایک وفد نے یہاں راج بھون میںگورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی۔وفد نے گورنر موصوف کو گذشتہ روز ژالہ باری کی وجہ سے پھلوں کو ہوئے نقصان کے بارے میں جانکاری دی۔ وفد نے گورنر موصوف سے استدعا کی کہ پھلوں کو ہوئے نقصان کا معاوضہ دینے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی جائے۔راج بھون کے ترجمان کے مطابق گورنر موصوف نے وفد کے مطالبات بغور سُننے کے بعد ڈویثرنل کمشنر کشمیر کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ حکام کوپھلوں کی پیداوار کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگائیں تا کہ متاثرین کو معاوضہ دیا جاسکے۔ادھراوشا انٹر نیشنل لمٹیڈ کے ایک شعبے اوشا سوشل سروسز کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پریا سومیا نے آج ادارے کی سینئر منیجر اندو گوتم کے ہمراہ راج بھون سرینگر میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ پریا سومیا نے گورنر کو اوشا انٹر نیشنل لمٹیڈ کی دیہی مہم اوشا سلائی سکول پروگرام کے بارے میں جانکاری دی جس کو سماج کے کمزور طبقوں اور دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے شروع کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ یہ دس روزہ پروگرام کشمیر یونیورسٹی کے اشتراک سے چلایا جائے گا جس دوران 23 خواتین کو سلائی کے مختلف پہلوؤں کی تربیت دی جائے گی ۔گورنر نے اس پروگرام کے ذریعے دیہی خواتین کی مدد کرنے کیلئے اوشا انٹر نیشنل لمٹیڈ کی کاوشوں کی سراہنا کی ۔