راجیہ سبھا میں بجٹ سیشن کا پہلا مرحلہ مکمل | ایوان کی کارروائی 14مارچ تک ملتوی

نئی دہلی// راجیہ سبھا میں جمعہ کو عام بجٹ پر وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے جواب کے بعد ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی جس کے ساتھ ہی بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ ختم ہو گیا۔ دوسرا مرحلہ 14 مارچ سے شروع ہوگا۔ ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے کارروائی ملتوی کرنے سے پہلے کہا کہ وہ چیئرمین اور اراکین کو اس بات کے لیے مبارکباد دیتے ہیں کہ پہلے مرحلے کے دوران کارروائی بہت اچھی طرح سے چلی۔ ایوان میں خلل پڑنے کے سبب ایک بار بھی ملتوی نہیں کرنی پڑی۔ مقررہ وقت سے نصف گھنٹہ زیادہ کام ہوا۔ اس کا سہرا ایوان کے تمام رکن کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی کا نتیجہ ہے کہ اراکین نے صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک اور عام بجٹ پر بحث میں مؤثر طریقے سے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ 51 معقول سوالات کے جوابات دیے گئے ، 71 وقفہ صفر میں اٹھائے گئے اور 50 معاملے خصوصی ذکر کے تحت اٹھائے گئے ۔ڈپٹی چیئرمین نے امید ظاہر کی کہ ایوان مستقبل میں بھی اسی جذبے سے کام کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ مختلف مسائل پر اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے درمیان تعطل کی وجہ سے پارلیمنٹ کے پچھلے کئی اجلاسوں میں کارروائی اچھی طرح سے نہیں چل پائی ہے۔