راجیہ سبھا میں ارون جیٹلی کا استقبال

نئی دہلی//وزیر اورایوان بالا کے رہنما ارون جیٹلی نے گردہ کی پیوبند کاری کے بعد آج پہلی بار راجیہ سبھا کی کارروائی میں حصہ لیا۔وہ ایوان کے ڈپٹی چیئر مین کے انتخابات میں ووٹ کرنے ایوان میں پہنچے تھے ۔صبح میں ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر مسٹر جیٹلی جیسے ہی ایوان میں داخل ہوئے برسراقتدار -حزب مخالف کے ممبران نے میزیں تھپتھپا کر ان کا استقبال کیا۔چیئر مین ایم ونکیا نائیڈو نے مسٹر جیٹلی کی صحت کے لحاظ سے ممبران کو صلاح دی کہ وہ ان کے پاس جاکر ان سے ہاتھ نہ ملائیں ۔انہوں نے کہا کہ ممبران کو انتہائی جوش میں آکر مسٹر جیٹلی سے ہاتھ نہیں ملانا چاہئے اور ان سے فاصلہ پر رہ کر بات کرنی چاہئے ۔ کیونکہ ڈاکٹروں نے انہیں انفیکشن سے بچنے کیلئے لوگوں سے دور رہنے کی صلاح دی ہے ۔اس کے بعد ایوان میں وزیر اعظم مودی نے جیٹلی سے ہاتھ ملانے کیلئے اپنا ہاتھ بڑھایا تو انہوں نے مسکراتے ہوئے ہاتھ بڑھانے کے بجائے دونوں ہاتھ جوڑ کران کو خوش آمدید کہا۔ خیال رہے مسٹر جیٹلی کے گردے کی مئی میں پیوبند کاری ہوئی تھی۔