راجیو گاندھی جدید بھارت کا اصل معمار: میر

 جموں //پردیش کانگریس کی طرف سے منعقدہ ایک تقریب میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ آنجہانی کے 26ویں یوم وفات پر انہیں خراج پیش کرنے کے لئے صدر دفاتر میں منعقدہ اس تقریب کی صدارت ریاستی صدر غلام احمد میر نے کی۔ راجیوگاندھی کو ایک دور اندیش لیڈر قرار دیتے ہوئے انہیں اکیسویں صدی کے ہندوستان کا معمار قرار دیا۔ میر نے کہا کہ ہندوستان میں آئی ٹی شعبہ کو متعارف کروانے کا سہرا راجیو گاندھی کے سر جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ راجیو گاندھی کے دور اقتدار میں ہندوستان نے دفاعی میدان میں حصولیابیاں حاصل کیں تو انہیں ہندوستان کو ڈیجٹل بنانے کا کریڈٹ جاتا ہے ۔ میر نے کہا کہ راجیو گاندھی نے ووٹ دینے کی عمر 21سے کم کر کے 18برس کی اور نوجوانوں کو جدید بھارت کی تعمیر کا حصہ دار بنایا، پنچایتی راج کے نفاذ سے جمہوریت کو بنیادی جڑوں تک پہنچایا، فیصلہ سازی میں خواتین ،نوجوانوں، پچھڑے طبقوں کی حصہ داری کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی کے اچانک موت کی وجہ سے ان کے منصوبے ادھورے رہ گئے اور اب یہ موجودہ حکومت کا فرض بنتا ہے کہ راجیو گاندھی کے خوابوں کو شرمندہ تعمیر کرے۔ انہوں نے بی جے پی کی طرف سے کئے جانے والے پروپیگنڈوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت ہر اس کام کا کریڈٹ لینے کی کوشش کر رہی ہے جسے کانگریس کے دور میں شروع کیا گیا تھا۔