راجپورہ کپوارہ میں ادبی تقریب

کپوارہ//شمالی ضلع کپوارہ کے راجپورہ میںشیر علی خان بسمل کی یاد میں کشپ ٹرسٹ راجواڑ کی جانب سے ایک روزہ ادبی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ضلع کی ادبی تنظیمو ں اور شعراء کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر راجہ شیر علی خان بسمل کی زندگی اور ادبی خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی جبکہ شرکاء نے مقالے پڑھے ۔تقریب کے دوران راجہ شیر علی خان بسمل کوخراج عقیدت پیش کیا گیا اوران کی ادبی خدمات کو سراہا گیا ۔مقررین نے کہا کہ راجہ شیر علی بسمل اپنے زمانے کے ایک بڑے ادیب تھے اور ان کی علمی و ادبی خدمات کا دائرہ اس قدر وسیع اور طویل عرصے پر محیط ہے کہ ان سب کو ایک مضمون میں سمیٹنا مشکل ہے ۔ادبی تقریب میں ضلع کے معروف ادیب محمد یوسف مشہور کے علاوہ راجہ ماسٹر خورشید ،ریحانہ سجاد ،عبد الغنی شمشاد ،سقراط گل ،زاہد جمال بانڈے ،جاوید اقبال ماری ،فاروق شاہین ،فر ید مضراب کے علاوہ دیگر شعراء نے بھی شرکت کی ۔تقریب کے دوران معروف شاعر اور ادیب مشتاق ساگر کی تازہ تصنیف ’’دی بنگس ویلی‘‘ اور حنا جان کی کتاب پر ان کو تو صیفی اسناد سے نوازا گیا ۔