راجور ی اور پونچھ کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میںبرف باری ،سردی کی شدت میں اضافہ

پونچھ +راجوری //محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی۔ خطہ کے بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری ہو رہی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں ہورہی بارش کی وجہ سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ہے ۔سرحدی ضلع پونچھ میں برف و باری و بارش کا سلسلہ حتمی اطلاعات موصول ہونے تک جاری تھاجس سے مختلف کچی رابطہ سڑکوں میں نقل کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق جموں کشمیر کے دوسرے اضلاع کی طرح پونچھ ضلع کے بالائی علاقوں میںکہیں کہیں کئی کئی برف جمع ہوئی ہے۔تحصیل مینڈھر کے شاہستار،بالاکوٹ،بھمبر گلی،سنگیوٹ و دیگر علاقہ جات میں بالائی علاقوں میں ہلکی برف کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔سب ڈویژ ن میں شدید بارش رہی ۔کچی سڑکیں بند ہوگئی ہیں جبکہ تحصیل سرنکوٹ کے چنڈی مڑھ، ڈھیراں کی گلی، جڑاں والی اور دیگر علاقہ جات میں ہلکی برف باری کی اطلاع ہے یہاں کئی علاقوں کا سڑک رابطہ برف کی وجہ سے بند ہے۔سنیچر کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے بالائی علاقوں میں صبح سے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا اور میدانی علاقوں میں شدید بارش ہوئی جس کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔تحصیل کے بالائی علاقوں لورن ساوجیاں میں سنیچر کی صبح سے ہی برف باری کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری خبریں موصول ہونے تک رک رک کر جاری تھا جبکہ تحصیل کے میدانی علاقوں میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ ادھر برف باری اور بارش کی وجہ سے عام لوگوں کی زندگی بھی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ خراب موسم سے پورے ضلع پونچھ کا بجلی نظام بھی درہم برہم ہو گیااور پورے دن بجلی نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔راجوری ضلع کے کوٹرنکہ ،تھنہ منڈی ،منجا کوٹ ودیگر پہاڑی علاقوں میں برفباری کا عمل مسلسل جاری ہے جبکہ نوشہرہ ،سندر بنی ،کالاکوٹ ودیگر علاقوں میں بارش کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کی گئی پیشنگوئی کے عین مطابق ہی جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح  پہلے ہی دن خطہ پیر پنچال کے جڑواں اضلاع راجوری اور پونچھ میںبارش اور برف باری ہوئی جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئی۔ضلع کے کوٹرنکہ سب ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں صبح سے ہی برفباری کا سلسلہ شرو ع ہو گیا جس کی وجہ سے خطہ میں سردی کی شدید میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ رابطہ سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے ۔سب ڈویژن میں ہوئی شدید بارش کی وجہ سے نالوں میں پانی کا بہائو بھی تیز ہو گیا ہے ۔سرحدی تحصیل منجا کوٹ کے پہاڑی علاقوں بالخصوصی گھمبیر مغلاں ،کوٹلی کالابن ،دھیری رلیوٹ ،ودیگر ملحقہ علاقوں کی پہاڑیوں پر برفباری جبکہ میدانی علاقوں میں آخری اطلاعات موصول ہونے تک بارش کا سلسلہ جاری تھا ۔سب ڈویژن نوشہرہ میں مسلسل باری کی وجہ سے عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے ۔