راجوری ۔تھنہ منڈی سڑک پر کھڈے ہی کھڈے

تھنہ منڈی //راجوری ۔تھنہ منڈی سڑک کی حالت انتہائی خراب ہے جس پر جگہ جگہ کھڈے پیداہوچکے ہیں جن کی وجہ سے اس روڈ پر سفر کرنے والے مسافروں کو کمردار اور ہڈیوں کے درد کی تکلیف رہتی ہے اور مریضوں کی تھنہ منڈی سے راجوری منتقلی کا عمل بھی خطرے سے خالی نہیںہوتا۔مقامی لوگوں کے مطابق اس روڈ کی حالت پہلے سے ہی خراب تھی جو حالیہ بارشوں کے دوران مزید تباہ ہوگئی ہے ۔ پلانگڑھ کے عرفان چوہدری ،ساج کے عبدالحق اورلاح کے عبدالرشید نے گریف حکام پر لاپرواہی کا الزام عائدکرتے ہوئے کہاہے کہ راجوری ۔بفلیاز براستہ تھنہ منڈی سڑک کوبالکل نظرانداز کردیاہے اور اس کی مرمت تک نہیں کی جارہی ہے ۔ان کاکہناتھاکہ متعدد مقامات پر کھڈے بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے عام مسافروں اور شاہدرہ شریف جانے والے زائرین کو مشکلات کاسامناہے ۔انہوں نے کہاکہ سڑک کی کشادگی کا کام شروع ہونے تک کم سے کم کھڈوں کو بھرا جائے تاکہ سفر کے دوران مشکلات کاسامنا نہ رہے ۔ان کاکہناتھاکہ مریضوں کو تھنہ منڈی سے راجوری منتقل کرنے کے دوران سخت پریشانی ہوتی ہے اور روڈ کی اس قدر خراب حالت کے باعث مقامی لوگ ہڈیوں کے مریض بن چکے ہیں اور ان کو کمر درد کی تکالیف کاسامناہے ۔مقامی لوگوں نے کہاکہ سننے میں آیاہے کہ اس سڑک کی کشادگی کیلئے منظوری ملنے والی ہے لیکن تب تک اس کو اس حالت میں نہ رہنے دیاجائے بلکہ اس کی لازمی مرمت کروائی جائے ۔