راجوری کے پہاڑی سلسلے میں 2افراد لاپتہ | انتظامیہ کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی

کوٹرنکہ //ضلع انتظامیہ راجوری اور ریاسی کی جانب سے دونوں اضلاع کی برف پوش پہاڑیوں میں دو افراد کے لاپتہ ہونے کے بعدتلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ان پہاڑیوں میں لاپتہ ہونے والوں کی شناخت 23سالہ جاوید شاہ ولد حنیف شاہ سکنہ ترگائیں اور 38سالہ خادم شاہ ولد مزمل شاہ سکنہ چسانہ کے طور پر ہوئی ہے ۔دونوں لاپتہ ہوئے افرادکے اہل خانہ نے بتایا کہ دونوں افراد بدھل اور چسانہ کے درمیانی علاقہ سے کشمیر میں بھیڑیں فروخت کرنے کیلئے گئے تھے لیکن دونوں نہ تو کشمیر میں اپنے مقام پر پہنچے ہیں اور نہ ہی اہل خانہ کیساتھ کوئی رابطہ ہے ۔دونوں افراد کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کے پاش ایک شکایت درج کروائی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاپتہ ہوئے نوجوانوں نے راجوری ضلع کے بدھل او ر ریاسی ضلع کے چسانہ علاقہ کی درمیانی پہاڑیوں سے وادی میں داخل ہونے والے راستے کا انتخاب کیا تھا ۔خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ دونوں گزشتہ دنوں پہاڑی علاقوں میں ہوئی برفباری کے دوران ہی غائب ہوئے ہیں ۔ایس ایس پی راجوری شیما نبی نے بتایا کہ لاپتہ ہونے کے سلسلہ میں شکایت موصول ہونے کیساتھ ہی بدھل پولیس سٹیشن کی ایک ٹیم اور چسانہ پولیس کی جانب سے مشترکہ طور پر تلاشی مہم شروع کردی گئی ہے ۔موصوفہ نے کہاکہ فوج کی جانب سے بھی مدد مانگی گئی ہے تاہم پہاڑیوں میں ان لاپتہ افراد کو تلاش کیا جاسکے ۔