راجوری کے ندی نالوں میں غیر قانونی کان کنی | شعبہ ارضیات و پولیس نے 19جے سی بی مشینیں ضبط کرلی

راجوری//راجوری ضلع کے ندی نالوں میں جاری غیر قانونی اور غیر سائنسی کانکنی کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمہ ارضیات اور کان کنی نے پولیس کے ساتھ مل کر مختلف علاقوں سے کم از کم 19 جے سی بی مشینیں ضبط کیں۔مہم محکمہ ارضیات اور کان کنی اور پولیس نے مشترکہ طور پر چٹیار چنگس علاقے کے دریا میں لوگوں کی جانب سے شکایت موصول ہونے کے بعد شروع کی گئی ۔ڈسٹرکٹ مائننگ آفیسر محمد نصیب کی سربراہی میں ایک ٹیم نے جموں وکشمیر پولیس کیساتھ مل کر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ندیوں سے کم از کم انیس جے سی بی مشینیں ضبط کیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ جیسے ہی سرکاری محکموں کی ٹیم نے ندیوں میں معائنہ شروع کیاان مشینوں و گاڑیوں کے ڈرائیور اپنی جے سی بی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے جنہیں ضبط کرلیا گیا ہے۔حکام کا مزید کہنا تھا کہ مو قعہ پر جا کر کی گئی کارروائی کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس علاقے میں بڑے پیمانے پر غیر سائنسی اور غیر قانونی کان کنی جاری ہے اور دریا میں کئی فٹ گہرے گڑھے پڑے ہیں جو کہ واضح طور پر سائنسی کانکنی کی دفعات کے خلاف ہے۔پولیس نے کہا کہ پولیس اسٹیشن راجوری میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔اس دوران ضلع انتظامیہ راجوری نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر راجوری وکاس کنڈل کی ہدایت پر، ڈی ایم او محمد نصیب کی سربراہی میں محکمہ ارضیات اور کان کنی نے غیر قانونی کان کنی مافیا کے خلاف ایک بڑی مہم شروع کی اور غیر قانونی اور غیر سائنسی کان کنی کیلئے استعمال ہونے والی 19 جے سی بی کوضبط کر لیا ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قانونی کانکنی کیلئے ضلع میں تقریباً ڈھائی درجن مائننگ بلاکس کی نیلامی کی جا چکی ہے لیکن ضلع کے تمام حصوں سے بڑے پیمانے پر غیر قانونی اور غیر سائنسی کانکنی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔شہری بالخصوص ان علاقوں سے غیر قانونی مائننگ کی شکایات کر رہے ہیں جہاں بلاکس کے نیچے نیلامی نہیں کی جاتی جبکہ ندی نالوں میں گہرے نالے اور گڑھے کھود کر غیر سائنسی مائننگ کے خلاف بھی شکایات سامنے آ رہی ہیں جس سے ندی نالوں کی قدرتی حیثیت بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔