راجوری کی اے ٹی ایم مشینیں مالی بحران کاشکار

 
 
راجوری //راجوری کی اے ٹی ایم مشینوں میں مالی بحران کی سی صورتحال کاسامناہے جس کی وجہ سے صارفین پریشان ہیں ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ ضلع میں اے ٹی ایم مشینیںخالی پڑی ہوئی ہیں اور قصبہ راجوری میںنصب مشینوںمیں بھی پیسے نہیں ۔انہوںنے بتایاکہ پچھلے پانچ روز سے زیادہ ہی مشکلات کاسامناہے ۔ سنکیت کے شرمانے بتایاکہ بہت مشکل سے کسی اے ٹی ایم مشین سے رقومات ملتی ہیں اور انہیں یاتو پیسے نکلوانے کیلئے بنک میں قطار لگناہے یاپھر اے ٹی ایم کے باہر انتظار کرناہے ۔انہوںنے کہاکہ موجودہ دور میں اے ٹی ایم سب سے ضروری شے ہے اور اس نظام کی ناقص کارکردگی سب کیلئے تشویش کا باعث ہے ۔راہل شرمانامی صارف نے بتایاکہ انہوںنے سناہے کہ اعلیٰ سطح پر ہی پیسے کی کمی پائی جارہی ہے اوراسی وجہ سے رقومات کی سپلائی نہیں ہوپارہی ۔ راہل نے بتایاکہ وہ گھر سے اپنے والد کیلئے دوائیاں خریدنے نکلے ہیں لیکن اے ٹی ایم میں رقومات ہی نہیں اور اب پریشان ہیں ۔ بنک کے ایک افسر نے نام مخفی رکھنے کی شرط پربتایاکہ پیسوں کی سپلائی میں کمی ہوئی ہے جس کی وجہ سے یہ مسئلہ درپیش ہے ۔