راجوری پونچھ کے کئی گاﺅں میں تلاشی کارروائیاں

راجوری //خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں فوج کی جانب سے شروع کر دہ تلاشی مہم گزشتہ کئی روز سے مسلسل جاری ہے جبکہ راجوری ضلع کے تھنہ منڈی سب ڈویژن میں 5روز سے مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد تلاشی مہم شروع کی گئی ہے ۔انتظامیہ کے مطابق منجا کوٹ پولیس سٹیشن کے زیر تحت آنے والے 4دیہات میں سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے تلاشی مہم چلائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ دیہات میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔اسی طرح راجوری ضلع کے کھنیتر گاﺅں میں سیکورٹی فورسز نے سنیچر کے روز تلاشی مہم شروع کی تاہم اس کو شام کے وقت ختم کردیا گیا ۔دوسری جانب تھنہ منڈی کے دیرہ گلی علاقہ میں اینٹی ملی ٹینسی آپریشن گزشہ 5روز سے مسلسل جاری ہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ علاقہ میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کارروائی شروع کی گئی ہے ۔