راجوری پونچھ میں کورونا وائرس کا قہر جاری | مزید 297افراد کا ٹیسٹ مثبت ،3کی موت

راجوری //جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں کووڈ کا قہر مسلسل جاری ہے ۔گزشتہ روز دونوں سرحدی اضلاع میں مجموعی طورپر 297افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ 3افراد کی موت بھی واقعہ ہو ئی ہے ۔راجوری ضلع میں ایک دن میں ابھی تک کے سب سے زیادہ 205کووڈ کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ پونچھ ضلع میں 92افراد کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے ۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری ٹھا کر شیر سنگھ نے بتایا کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے شروع ہونے کے بعد ایک دن میں سب سے زیادہ کیس درج کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں نئے درج 205کیسوں میں سے صرف 3مسافر ہیں ۔آفیسر موصوف نے بتایا کہ سندر بنی میں سب سے زیادہ 65کیس درج کئے گئے ہیں جبکہ کالا کوٹ میں 47،راجوری میں 44درہال میں 23نوشہرہ میں 14کوٹرنکہ میں 12معاملات نئے درج کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کیسوں میں اضافے کو دیکھتے ہوئے عام لوگوں کو چاہئے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔نوڈل آفیسر پونچھ نے بتایا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں 92نئے کیس سامنے آئے ہیں جن میں سے مینڈھرسب ڈویژن میں سب سے زیادہ 36کیس سامنے آئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حویلی میں 14منڈی میں 14اور سرنکوٹ میں 28کووڈ معاملات سامنے آئے ہیں ۔ضلع میں گزشتہ روز کل 3اموات ہوئی ہیں جن میں سے مینڈھر میں 2اور پونچھ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔