عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں شب قد ر کی تقریب مذہبی جوش و جذبہ کیساتھ منائی گئی۔ اس سلسلے میں شب خوانی کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں ہزاروں کی تعداد میں فرزندانِ توحید پوری رات عبادات میں محو رہے۔ اس موقع پر مساجد ،خانقاہوں اور درگاہوں میں شب خوانی کی روحانی اور عرفانی مجالس کا اہتمام کیا گیا۔ شب قدر کی مناسبت سے مشہور و معروف صوفی بزرگ بابا غلام شاہ بادشاہ رحمتہ اللہ علیہ کی زیارت شاہدرہ شریف ، غوثیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، حنفیہ جامع مسجد تھنہ منڈی، جامع مسجد نور الایمان اسلام پور اور علاقہ کی دیگر تمام چھوٹی بڑی مساجد میں رات بھر نماز تراویح ادا کرنے کے ساتھ ساتھ پوری رات قرآن خوانی ، درس قرآن و احادیث ، نوافل کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رہا۔ ان دینی مجالس کے سلسلے میں متعلقہ مساجد و خانقاہوں کی انتظامیہ کمیٹیوں نے اپنے طور پر خصوصی انتظامات کئے تھے جہاں افطار و سحر بہترین انتظامات کیے گئے تھے۔ اس موقع پر علماء کرام نے قرآن و سنت کی روشنی میں رمضان المبارک ، شب قدر اور جمعہ الوداع کے فضائل بیان کئے۔ اس موقع پر علماء کرام نے امت مسلمہ کے ساتھ ساتھ پوری دنیا اور بالخصوص ریاست جموں و کشمیر میں آپسی بھائی چارہ، اتفاق و اتحاد اور بحالی امن کے لیے رقت آمیز دعائیں کیں۔اسی طرح دونوں سرحدی اضلاع کے منجا کوٹ ،مینڈھر ،سرنکوٹ ،پونچھ ،راجوری ،منڈی اور کوٹرنکہ کیساتھ ساتھ دیگر علاقوں میں بھی شب قدر کے موقعہ پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔