راجوری//راجوری اور پونچھ میں بھاری برفباری کے اطلاعات موصول ہوئے ہیں،جسکی وجہ سے ان اضلاع میں ممعمول کی زندگی درہم برہم ہو گئی ہے۔ متعدد علاقوں میں زمینی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوا ہے۔ ضلع راجوری کے کوٹرنکہ، بدھل اور خواس اور ضلع پونچھ کے ساوجیاں اور لورن علاقے برفباری سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ضلع راجوری کے کوٹرنکہ، بدھل اور راجوری قصبہ میں ڈیڑھ سے دو فٹ برف درج کی گئی ہے۔برفباری کی وجہ سے بیشتر واٹر سپلائی سکیمیں بیکار ہو گئی ہیںکیونکہ پائپوں میں جمع پانی جم گیا ہے جبکہ بجلی سپلائی بھی متعدد علاقوںمیں متاثر ہوئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد اعجاز اسد نے کشمیر عُظمیٰ کو بتایا کہ ضلع راجوری کے کوٹرنکہ، بدھل اور خواس میں ٹریفک متاثر رہا جبکہ کوٹرنکہ اور بدھل روڈ پر ٹریفک کو جزوی طور بحال کیا گیا ہے لیکن خواس روڈ ابھی بھی بند پڑا ہے۔تاہم ، انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ابھی تک برفباری سے کوئی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی ا طلاع نہیں ہے۔دریں اثنا، پونچھ ضلع میں بھی جمعہ کے روز بارشوں سے معمول کی زندگی متاثر ہوئی ہے،تاہم ضلع کے لورن اور ساوجیاں بھاری برفباری سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں پر دو سے اڑھائی فٹ برف جمع ہوئی ہے۔ضلع کے بیشتر علاقوں خصوصاً تحصیل سرنکوٹ کے بالائی علاقوں میں بجلی سپلائی بُری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ راہل یادو نے کہا ہے کہ ضلع میں کئی مقامات اور گائو خانوں کو جزوی طور سے نقصان ہو ا ہے ،تاہم آخری اطلاعات تک کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
راجوری وپونچھ اضلاع میں بھاری برفباری
