راجوری میں3 سڑک حادثات

راجوری//راجوری ضلع کے مختلف علاقوں میں پیر کو پیش آئے تین الگ الگ سڑک حادثات میں کم از کم 5 افراد کی موت جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ دیر شام حادثہ میں جو خواس کے بھیلہ گائوں سڑک پر پیش آیا، ایک ٹپرزیر نمبر JK11A/ 6087 ڈرائیور سمیت اس میں سوار چار افراد سڑک کے کنارے کھائی میں جا گرا ۔ڈرائیور سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوا۔ پولیس حکام نے کہاکہ مرنے والوں کی شناخت وکرم سنگھ ولد شام لال ساکن دلہوری، شوکت علی ولد فتح محمد ساکن جگلانو اور ستویر سنگھ ساکن کانچی اورزخمیوں کی شناخت رتن لال ولد دیو راج ساکن دلہوری کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی شخص کو پی ایچ سی خواص منتقل کیا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہے۔ایک اور حادثے میں جموں راجوری پونچھ شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثے میں ایک نوجوان کی موت ہو گئی جبکہ دوسرا شخص زخمی ہو گیا۔پولیس نے بتایا کہ یہ حادثہ راجوری شہر کے قریب مراد پور گائوں میں اس وقت پیش آیا جب بی ایس ایف کا ایک ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر Jk02P/ 6512  راجوری سے جموں جا رہا تھا اور مخالف سمت سے آنے والی موٹر سائیکل زیر نمبر JK11F /1957  کا بی ایس ایف کے ٹرک سے آمنا سامنا ہوا۔اس حادثہ میں موٹرسائیکل سوار کے ساتھ ساتھ پیچھے سوار دونوں زخمی ہوگئے ۔ہسپتال میں موٹر سائیکل سوار محمد ارشد ولد محمد اعظم ساکن چلاس زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ موٹر سائیکل ڈرائیور ظہیر عباس ولد قادر حسین  زیر علاج ہے۔تیسرا حادثہ پیر کی شام کے وقت پیش آیا جس میں ایک نوجوان کی جان چلی گئی۔یہ سڑک حادثہ پیر کی شام بٹونی گائوں میں پیش آیا۔متوفی کی شناخت امیت شرما (30) ولد مدن لال ساکن ڈونگی کے طور پر کی گئی ہے جو اپنی موٹر سائیکل چلا کر راجوری سے ڈونگی جا رہا تھا کہ بٹونی کے مقام پر مخالف سمت سے آنے والے ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔"