راجوری میں 71.2 فیصد، پونچھ میں 75.4 فیصد ووٹنگ | سرحدی رائے دہندگان نے مواصلاتی سہولیات اور بنکروں کی فوری تعمیر کیلئے ووٹ دیا

راجوری+پونچھ// راجوری اور پونچھ اضلاع میں پیر کے روز ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل انتخابات کے چوتھے مرحلے کے لئے اچھی تعداد میں ووٹنگ ہوئی جبکہ پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر شلنگ متاثرہ علاقوں میں رہنے والے لوگوں نے بہتر ٹیلی کام کی سہولت اور جلد ہی حفاظتی بنکروں کی تعمیر کے لئے ووٹ دیا۔ راجوری میں چوتھے مرحلے کے تحت بدھل اولڈ بی (پیری) اور منجاکوٹ حلقوں اور ضلع پونچھ کے ننگیالی صاحب اور ستھرا حلقوں میں ووٹنگ ہوئی۔ضلع راجوری میں حکام نے بتایا کہ بدھل اولڈ بی (پیری) حلقہ میں 69.3 فیصد ووٹ ڈالے گئے اور منجانکوٹ میں 73 فیصد ووٹروں نے پولنگ سٹیشن پر پہنچ کر ووٹ ڈالا۔ ڈپٹی کمشنر راجوری ، محمد نذیر شیخ نے بتایا کہ ضلع راجوری کے دو ڈی ڈی سی حلقوں میں ووٹنگ پْر امن ماحول میں ہوئی ہے ، جہاں کہیں بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا "دونوں انتخابی حلقوں میں ووٹروں کا بھاری اندراج ہوا اور معاملات معمول کے مطابق رہے‘‘۔اسی طرح ضلع پونچھ میںننگالی صاحب ڈی ڈی سی حلقہ میں 73.8 فیصد اور ستھرا حلقہ میں 77.5 فیصد ووٹروں نے ووٹ ڈالے اور مجموعی طور پررائے دہی کی شرح 75.4 فیصد رہی۔ ڈی ڈی سی کے دونوں حلقوں میں کل 42519 رائے دہندگان نے حق رائے دہی استعمال کرنا تھا جن میں سے 32066 نے ووٹ ڈالے جن میں 16807 مرد اور 15259 خواتین نے اپنے نمائندوں کے حق میں ووٹ دیئے۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس پونچھ ، رمیش انگرل نے بتایا’’تمام پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہندگان کی لمبی قطاریں لگنے سے ووٹنگ کامیاب رہی اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولنگ پارٹیاں ضلع صدر مقام پر واپس پہنچ رہی ہیں۔پونچھ کے ننگالی صاحب ڈی ڈی سی حلقہ کے لائن آف کنٹرول علاقوں کے لوگوں نے بنیادی سہولیات خصوصاً ٹیلی کام کی سہولت کی بہتر دستیابی کے لئے ووٹ دیا۔پونچھ انتظامیہ کے ایک عہدیدار نے بتایا "مندار سمید لائن آف کنٹرول کے قریب تمام پولنگ اسٹیشنوں میں ، جو عام طور پر ایل او سی گولہ باری سے متاثر رہتے ہیں ، رائے دہندگان نے بڑی تعداد میں ووٹ ڈالا اور لوگوں نے پاکستان کی طرف سے کی جانے والی گولہ باری کے خلاف بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل کر ووٹ ڈالا‘‘۔