راجوری میں پٹرول پمپوں کا جائزہ لیاگیا

راجوری//محکمہ لیگل میٹرولوجی نے ایک ہفتہ تک چلائی گئی مہم کے دوران راجوری کے اٹھارہ پٹرول پمپوں کا معائنہ کرکے ان میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔اس دوران خدمات کی فراہمی اور معیار کی جانچ بھی کی گئی۔محکمہ کی ٹیم نے ان پٹرول پمپوں میں مفت ہوا،کام کے اوقات کار،صارفین کی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے کمپنی سے رابطہ کیلئے فون نمبراور نام،ابتدائی طبی امدادی باکس،بیت الخلااور آگ سے تحفظ کے اقدامات کا جائزہ لیا۔نوتحصیلوں میں یہ معائنہ ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر کیاگیا۔اس دوران راجوری میں نو،نوشہرہ میں چار،سندربنی میں تین ،کوٹرنکہ اور بیری پتن میں ایک ایک پٹرول پمپ کا معائنہ کیاگیا۔ایک افسر کے مطابق اس دوران تمام پٹرول پمپوں میں معیار کو بہتر پایاگیاتاہم دستیاب سہولیات کی کمی پائی گئی۔انہوں نے بتایاکہ سہولیات نہ ہونے پر جرمانہ عائد کیاگیاجبکہ اظہار وجوہ کے نوٹس بھی جاری کئے ہیں اور اس بات پر زور دیاگیاہے کہ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے تمام تر سہولیات دستیاب رکھی جائیں۔