راجوری میں منشیات کیخلاف احتجاجی ریلی ،سخت کارروائی پر زور

 راجوری //راجوری میں منشیات کے بڑھتے استعمال پر مقامی لوگ تشویش مند ہیں اور انہوں نے اس کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لانے کی مانگ کی ہے ۔مقامی لوگوں نے یوتھ لیڈر شفقت میر کی قیادت میں وارڈ نمبر سے آٹھ سے عبداللہ پل تک ایک احتجاجی ریلی نکالی جس دوران منشیات کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ریلی کے شرکاء نے کہاکہ راجوری میں منشیات کا استعمال روز بروزفروغ پارہاہے اور اس نے پورے سماج کو اپنی لپیٹ میںلے لیاہے ۔ان کاکہناتھاکہ وقت آگیاہے کہ سماج کے تمام حلقے اس کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور جنگی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو مزید تباہی سے بچایاجاسکے ۔انہوں نے مانگ کی کہ منشیات میں ملوث افراد اور اس کاکاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکام کی طرف سے اس سلسلے میں موثر اقدامات نہ کئے گئے تو بڑے پیمانے پر احتجاج کیاجائے گاکیونکہ یہ ایک سنگین مسئلہ ہے جس پر چشم پوشی نہیں کی جاسکتی ۔احتجاجی ریلی کی وجہ سے سڑک پر گاڑیوں کی آمدروفت بھی معطل رہی ۔