راجوری میں لاپتہ ہوئے نوجوان کی تلاش

راجوری //راجوری ضلع کی پہاڑیوں میں گزشتہ دنوں لاپتہ ہوئے 2افراد کی تلاش کیلئے سیکورٹی فورسز کی جانب سے ریاسی اور راجوری اضلاع کی درمیانی برف پوش پہاڑیوں میں خصوصی تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ راجوری کے ترگائیں علاقہ کے دو شخص بھیڑ بکریاں فروخت کرنے کیلئے پہاڑی راستے سے وادی کی جانب گئے تھے تاہم اس دوران ان پہاڑیوں پر ہوئی شدید برفباری کے دوران وہ لاپتہ ہوگئے تھے ۔ان دونوں کی شناخت خادم شاہ عمر 38برس اورجاوید شاہ عمر 23برس کے طورپر ہوئی ہے ۔اہل خانہ کی جانب سے پولیس کے پاس شکایت درج کروانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر تلاشی مہم شروع کر دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں ہوئی برفباری کے دوران دونوں لاپتہ ہو گئے تھے تاہم کو ئی بھی سراغ نہ ملنے کے بعد اہل خانہ کی جانب سے پولیس کے پاس ایک شکایت درج کروائی گئی جس کے بعد جموں وکشمیر پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم کی جانب سے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ایس ایس پی راجوری نے بتایا کہ گزشتہ روز تلاشی مہم کا دوسرا روز تھا جس کے دوران چسانہ اور بدھل سے پولیس کی ٹیمیں اور فوج کی ایک ٹیم نے پہاڑیوں میں تلاشی عمل شروع کر دیا ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے بتایا کہ آپریشن کیلئے ہیلی کاپٹر طلب کرلیا گیا ہے ۔