راجوری میں شوپیان کے3نوجوان اور سابق جنگجو گرفتار

 راجوری// راجوری پولیس نے ملی ٹینسی مخالف مہم کے دوران ایک سابق جنگجو سمیت چار بالائی ورکروں کی گرفتاری کا دعویٰ کیاہے ۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے بتایاکہ حوالہ کیس میں ملوث سابق جنگجوسمیت چارافراد کوحراست میں لیاگیااورایک لاکھ روپے  برآمد ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ جنگجوکمانڈرصدام پڈر کے مارے جانے کے بعد زینت الاسلام جو حزب المجاہدین کے نئے کمانڈر نامزدکئے گئے ہیں، کی ہدایات پر یہ گروپ راجوری سے پیسہ شوپیان لے جانے کے لئے سرگرم تھا۔گرفتار کئے گئے چار بالائی ورکروں میں سے تین کاتعلق شوپیان سے ہے جبکہ ایک راجوری کے سرحدی علاقے پیربڈیسرسے ہے ۔ گرفتارکئے گئے افراد کی شناخت سابقہ جنگجواعجاز احمدولد غلام علی ساکنہ بٹہ پورہ شوپیان جنہوں نے 2005 میں خود سپردگی کی تھی ،محمد عارف ولد محمد یونس ساکنہ کوٹلی پیربڈیسر، سجاد احمد ملہ ولد شکیل احمد ملہ ساکنہ ملہ ڈھیراشوپیان اور خورشید احمد ٹھوکرولد غلام رسول ٹھوکرساکنہ ہف کوڑی شوپیان کے طورپر ہوئی ہے۔ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ مذکورہ افراد سے پوچھ تاچھ جاری ہے اور ممکن ہے کہ مزید گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔