سمیت بھارگو
راجوری//جموں و کشمیر کے راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر فوج کے دستوں اور دراندازی کرنے والے ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم کے بعد فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر(جے سی او)زخمی ہوا اور اسے اسپتال میں داخل کرایا گیا۔یہ انکائونٹر راجوری ضلع کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر گوچر گیپ میں ہوا۔حکام نے بتایا کہ ہفتہ کی سہ پہر، فوج کے دستے اینٹی انفلٹریشن اوبسٹیکل سسٹم (AIOS) کے قریب علاقے میں گشت کر رہے تھے جب انہوں نے ملی ٹینٹوں کی مشتبہ نقل و حرکت کودیکھ لیا جو دراندازی کی کوشش میں لائن آف کنٹرول کی باڑ کی طرف بڑھ رہے تھے۔حکام نے کہا”ملی ٹینٹوں کو چیلنج کیا گیا جنہوں نے فائرنگ کی ،اس کے نتیجے میں فوجی دستوں اور ملی ٹینٹوںکے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں فوج کا ایک جے سی او گولی لگنے سے زخمی ہوا جسے فوری طور پر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں سے بعد میں اسے فوجی اسپتال راجوری ریفر کیا گیا۔حکام نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور فوج کے دستوں کے ساتھ مصروف ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے ایل او سی اور آگے کی جگہوں پر سخت نگرانی رکھی جا رہی ہے۔