راجوری میں ایل او سی کے قریب مشتبہ شخص گرفتار

نیوز ڈیسک

جموں//فوج نے ضلع راجوری کے ترکنڈی علاقے میں لائن آف کنٹرول پر آگے کی طرف پیش قدمی کرنے والے ادھیڑ عمر کے ایک پاکستانی شہری کو حراست میں لے لیا ہے۔

 

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری کے ترکنڈی علاقے میں ایل او سی پر سرحد کے اس پار کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو مبینہ طور پر آگے کی طرف پیش قدمی کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

 

انہوں نے کہا کہ وہاں تعیبات فوج کی گھبیر بٹالین کے مستعد اہلکاروں نے اس شخص کو حراست میں لے لیا اور بعد میں اس کو پولیس کے سپرد کیا گیا۔

 

گرفتار شدہ کی شناخت 55 سالہ محمود علی ولد شاہ ولی ساکن کٹولی کے بطور کی گئی ہے۔

 

دریں اثنا ایک پولیس عہدیدار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار شدہ کی تحویل سے پاکستان کرنسی کے کچھ پیسے اور ایک کلہاڑی بر آمد کی گئی۔

 

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات کی جا رہی ہے کہ آیا یہ شخص دانستہ طور پر اس طرف داخل ہوا ہے یا اس نے غیر دانستہ طور پر اس طرف قدم رکھا ہے۔